Time 18 جنوری ، 2018
پاکستان

پارلیمنٹ کے لیے ’لعنت‘ کا لفظ بہت ہلکا ہے، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خواجہ آصف اور نواز شریف کو 'اسمبلی کی تباہی کا ذمہ دار' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے لیے لعنت کا لفظ بہت ہلکا ہے۔

اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کے دوران پارلیمنٹ کے حوالے سے دیئے گئے اپنے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 'لعنت کا لفظ میں نے بہت ہلکا استعمال کیا، جو لفظ کہنا چاہتا تھا، وہ اس سے زیادہ سخت تھا۔'

عمران خان کا کہنا تھا کہ 'پارلیمنٹ ایک عمارت کا نام ہے، جس کی عزت کو پارلیمنٹیرینز اپنی حرکتوں سے اوپر یا نیچے لے جاتے ہیں'۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'پارلیمنٹ میں چوروں کا مافیا بیٹھ گیا ہے، میں کیسےایسی پارلیمنٹ کی عزت کروں جہاں مجرم بیٹھےہوئے ہیں، یہ کیسی پارلیمنٹ ہے جس میں وزیراعظم نے کھڑے ہو کر جھوٹ بولا '۔

ان کا کہنا تھا'آج وزیر خارجہ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں بڑی دھواں دھار تقریر کی، دراصل خواجہ آصف اور نواز شریف جیسے لوگوں نے ہی اسمبلی تباہ کی ہے'۔

عمران خان نے مزید کہا کہ 'ملک کا وزیر خارجہ دبئی میں ایک کمپنی میں کام کر رہا ہے، جس کی 16 لاکھ روپے تنخواہ ہے اور ان کے بینک اکاؤنٹس سے امریکا پیسے جارہے ہیں جو ان کی بیوی کو ملتے ہیں'۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے خواجہ آصف کو ملک کے لیے سیکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'خواجہ آصف سے بڑا کوئی جھوٹا انسان ہوسکتا ہے؟'

عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا، 'مجھے یہ بتائیں کہ کون سی ایسی اسمبلی ہے جو ایک 300 ارب چوری کرنے والے شخص کے لیے قانون بناکر اسے پارٹی کا سربراہ بناتی ہے'۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ آج 'مجھے کیوں نکالا' کی دوسری قسط پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 1992 کے بعد شریف خاندان کی دولت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، ساتھ ہی انہوں نے شریف برادران پر پنجاب پولیس کے اہلکاروں سے منی لانڈرنگ کروانے کا الزام بھی عائد کردیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے بتایا کہ 'ملک سے باہر شریف خاندان کی 16 کمپنیاں ہیں، جن میں سے ایک ہل میٹل ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ ہل میٹل 114کروڑ 68 لاکھ روپے نواز شریف کو بھیج چکی تھی، نواز شریف نے 80 کروڑ روپے مریم نواز کے نام کردیئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید بتایا کہ 'ہمیں نئی چیز پتہ چلی ہے کہ ہل میٹل کمپنی سے تقریباً 4 کروڑ روپے محمد حینف خان کو جا رہے تھے'۔

عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ، 'دنیا کے کسی مہذب معاشرے میں اگر کوئی اس طرح سے پکڑا جائے تو وہ جیل میں ہو، لیکن یہ یہاں 'کیوں نکالا، کیوں نکالا' کر رہے ہیں'۔

گذشتہ روز مال روڈ پر پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی زیرقیادت متحدہ اپوزیشن کے جلسے میں شرکاء کی کم تعداد کے سوال پر عمران خان نے جواب دیا کہ 'کل کے جلسے کا تعداد سے کوئی تعلق نہیں تھا، کل ساری سیاسی جماعتوں نے احتجاج کا اعلان کیا تھا'۔

انہوں نے کہا، 'کل احتجاج کا مقصد لوگوں کا ہجوم دکھانا نہیں تھا بلکہ کل کے احتجاج کا مقصد انسانیت کی خاطر تمام سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا تھا'۔

عمران خان نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھی سراہا اور کہا کہ نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو طلب کرکے بہت زبردست کام کیا ہے۔

مریم اور حسین نواز کا رد عمل

عمران خان کی پریس کانفرنس پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئٹ پر اپنے رد عمل کے اظہار میں کہا کہ ’ دنیا کا ہر باپ اپنی بیٹی کا خیال رکھنے، اس کو عزت دینے میں فخر محسوس کرتا ہے مگر تم جیسا شرم سے عاری آدمی باپ بیٹی کا رشتہ کیا جانے؟

حسین نواز نے جیونیوز سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کے سارے الزامات بے بنیاد ہیں، جب کرپشن کی ہی نہیں تو ثبوت کہاں سے ملیں گے؟ اگر نیب کو ثبوت نہیں مل رہے تو عمران خان بھی ڈھونڈ لیں، ان کے پاس ثبوت ہیں تو نیب کو دیں۔

حسین نواز نیب، یوکے یا سعودی عرب کی حکومتوں سے کسی نوٹس ملنے کی بھی تردید کردی۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز عمران خان نے لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے احتجاجی جلسے سے خطاب میں پارلیمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتے ہیں جو ایک مجرم کو پارٹی سربراہ بنائے۔


اس سے قبل عمران خان نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا تھا کہ مخصوص پس منظر میں لعنت بھی ایک چھوٹا لفظ ہے، اگر کوئی اعتراض کرتا ہے تواسے چیلنج کرتا ہوں عوامی سروے کرا لے۔


چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے سروے کروا لیں کہ لوگ ایسی پارلیمنٹ کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔

مزید خبریں :