پاکستان
Time 19 جنوری ، 2018

معروف کالم نگار اور مصنف منو بھائی انتقال کرگئے

فوٹو: فائل

لاہور: معروف کالم نگار، مصنف اور ڈرامہ نگار منو بھائی طویل علالت کے بعد 84 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق منو بھائی کچھ عرصے سے گردوں اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور آج لاہور کے مقامی اسپتال میں انتقال کرگئے۔

منو بھائی کی نماز جنازہ بعد نماز عصر ریواز گارڈن میں ادا کی جائے گی اور تدفین میانی صاحب قبرستان میں ہوگی۔

1933 میں پنجاب کے شہر وزیرآباد میں پیدا ہونے والے منو بھائی کا اصل نام منیر احمد قریشی تھا اور وہ منو بھائی کے نام سے جانے جاتے تھے۔

منو بھائی نے پاکستان ٹیلی وژن کے لیے متعدد ڈرامے لکھے اور ان کا سب سے مشہور ڈرامہ ' سونا چاندی ' تھا۔

منو بھائی روزنامہ جنگ سے بھی وابستہ تھے اور باقاعدگی سے 'گریبان' کے عنوان سے کالم لکھا کرتے تھے۔

2007 میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

اظہار تعزیت

صدر مملکت ممنون حسین نے منو بھائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت، بلندی درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے منو بھائی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ منو بھائی اردو ادب میں نمایاں مقام رکھتے تھے جن کی ادبی و صحافتی خدمات لائق تحسین اور ناقابل فراموش ہیں اور ان کی ادب اور صحافت کے لئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

مزید خبریں :