ہاکی: ورلڈ الیون نے پاکستان کو 1-5 سے ہرا دیا

ورلڈ الیون ہاکی ٹیم نے دو میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دیدی۔

کراچی کے عبدالستار انٹرنیشل ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے نمائشی میچ میں ورلڈ الیون نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں 5 گول سے ہرا دیا۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول عدیل لطیف نے کیا۔

پاکستان کے عدیل لطیف نے کھیل کے چھٹے منٹ میں ہی گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی جو پہلے دو کوارٹرز تک برقرار رہی لیکن اس کے بعد پاکستانی ٹیم ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کی جانب سے کیے گئے حملوں کا دفاع نہ کر سکی اور تیسرے کوارٹر میں لگا تار 4 گول کھا گئی، آخری کوارٹر میں بھی ورلڈ الیون نے ایک گول داغ کر کھیل میچ میں فتح حاصل کی۔

پاکستان ٹیم کے کپتان جنید منظور نے کہا کہ اس میچ سے پاکستانی پلیئرز کو کافی تجربہ حاصل ہوا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ اور آخری میچ اتوار کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان ہونے والا ہاکی میچ دیکھا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے غیر ملکی کرکٹرز کا مذاق اڑایا اور انہیں ریلو کٹے کہا لیکن پوری قوم ان کھلاڑیوں کے ساتھ ہے جنہوں نے ہمارے گراؤنڈز کو آباد کیا۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان نے غیر ملکی کھلاڑیوں کا مذاق اڑایا جب کہ لاہور جلسے کے دوران خالی کرسیوں نے عمران خان کا مذاق اڑایا۔

مزید خبریں :