Time 21 جنوری ، 2018
پاکستان

عوام نے منتخب کیا تو کراچی، پشاور کو لاہور بنا دیں گے، شہباز شریف


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگلے الیکشن میں عوام نے منتخب کیا تو کراچی اور پشاور کو لاہور بنادیں گے ۔

شہباز شریف نے باب پاکستان کی تعمیر نو کے منصوبے کے افتتاح کے کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایک عظیم منصوبہ ہوگا جس پر 4 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی جب کہ یہ منصوبہ تحریک پاکستان کی قربانیوں کو اجاگر کرے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان دن رات دروغ گوئی کرتے ہیں اور انہوں نے مجھ پربہتان لگایا تو ان کو نوٹس بھجوایا لیکن آج تک جواب نہیں آیا بلکہ میرے نوٹس پر وہ ہر بار نئی تاریخ لیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے الزام لگایا مگر ثبوت پیش نہیں کیے تو کیا انہیں حکمرانی کا حق ہے؟ انہوں نے 10 ارب کی پیشکش کا الزام لگایا مگر ثبوت پیش نہیں کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مال روڈ پر پاکستان بھر سے سیاسی مسخرے جمع ہوئے اور بڑا ناٹک رچایا گیا لیکن لاہور والوں نے اس ناٹک میں شرکت نہ کرکے انہیں زناٹے دار تھپڑ رسید کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نےبجلی پیدا کرنے کی بات کی مگر کچھ نہیں کیا، یہاں تک کہ خان صاحب نے ایک کلو واٹ بھی بجلی مہیا نہیں کی اور وہ گالی دینے سے فارغ ہوں تو کوئی اور کام کرنے کی فرصت ملے۔

ان کا کہنا ہے کہ لاہور میں ڈینگی کا حملہ ہوا تو ہم نے دن رات محنت کی لیکن خان صاحب کہتے ہیں یہ ڈینگی برادران ہیں جب کہ پشاور میں ڈینگی آتا ہے تو احتجاج نہیں کرتے بلکہ دوائیاں اور موبائل ٹیمیں بھیجتے ہیں تاہم خان صاحب پہاڑوں پر چلے جاتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کراچی میں میٹرومنصوبے کے لیے نوازشریف نے فنڈز فراہم کیے اور انتخابات میں عوام نے (ن) لیگ کومنتخب کیا تو کراچی اور پشاور کو لاہور بنادیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان لاہور کی میٹروپرتنقید کرتےرہے لیکن خیبر پختونخوا حکومت نے ساڑھے 4 سال بعد میٹرو منصوبے کیلیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے قرضہ لیا ہے تاہم ہمیں موقع ملا تو پشاور کا میٹرو بس منصوبہ ایک سال میں مکمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو موقع ملا تو پورے ملک میں انقلاب لائیں گے اور نواز شریف نے مجھے ذمے دار بنایا تو پورے ملک میں منصوبوں کی نگرانی کروں گا۔

وزیر اعلی شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ زرداری صاحب کی لوٹ مار کی باتیں سندھ سے لے کرگلگت تک بچہ بچہ جانتا ہے اور آصف زرداری آپ کے پیسے سوئس بینکوں میں موجود ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ زرداری نےعوام کی دولت لوٹی ہے اور زرداری کی جانب سے لوٹی ہوئی دولت دنیا کے آخری کونے میں بھی ہو تو واپس لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اور کے پی نےانتخابات میں ہمیں منتخب کیا تودونوں صوبوں کو پنجاب جیسا بنا دیں گے اور دونوں صوبوں کو فنڈزدیں گے لیکن کسی کوکرپشن کرنے نہیں دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تاریخ میں کبھی بھی اتنی شفافیت اور تیزی سے بجلی کے منصوبے مکمل نہیں ہوئے لیکن ہم نے تیزی سے منصوبے لگائے اور میرے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوئی تو آپ سے معافی مانگ کر گھر چلا جاؤں گا۔

انہوں نے پی پی پی رہنما قمر زمان کائرہ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کائرہ صاحب بجلی آگئی اندھیرے ختم ہوگئے لیکن اب نام کون بدلے گا۔

نیب کے نوٹس پر ان کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ روڈ پر اسکول اور دیگر عمارتیں بھی ہیں تو کیا یہ روڈ بنانا گناہ ہے؟، عوام کے لوٹے ہوئے پیسے نکلوانا نیب کے بس کی بات نہیں۔

مزید خبریں :