22 جنوری ، 2018
نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر گرین شرٹس نے کیویز کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا۔
نیوزی لینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 106رنز کا ہدف 16ویں اوور میں ہی باآسانی حاصل کرلیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کولن مونرو 49 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ٹام بروس نے 26 رنز بنائے۔
رومان رئیس نے نیوزی لینڈ کے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جب پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو ون ڈے سیریز کی طرح آج بھی گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار نظر آئی اور پوری ٹیم 105 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
فخر زمان نے 3، محمد نواز نے 7، حارث سہیل نے 9، سرفراز احمد نے 9، فہیم اشرف نے 7، حسن علی نے 23 اور محمد عامر نے 3 رنز بنائے جبکہ عمر امین اور شاداب خان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے سب سے زیادہ 41 رنز بنائے جبکہ رومان رئیس صفر رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
آج کے میچ میں پاکستان کے 9کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹاپ آرڈر ناکام ہوا اس لیے بڑا اسکور نہیں کرسکے،اگر ٹیم 140 سے 150 رنز بنالیتی تو میچ جیت سکتے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نیوزی لینڈ، پاکستان کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کرچکا ہے۔
جبکہ آج کا میچ جیت کر نیوزی لینڈ کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
عمر امین، فخر زمان، حارث سہیل، سرفراز احمد (کپتان/وکٹ کیپر)، بابر اعظم، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، محمد عامر، رومان رئیس۔
مارٹن گپتل، کولن منرو، گلین فلپس (وکٹ کیپر)، ٹام بروس، روس ٹیلر، انارو کچن، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی (کپتان)، اش سودھی، سیٹھ رانسی