29 جنوری ، 2018
اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست غیر مؤثر قرار دے کر خارج کر دی۔
جیونیوز کے مطابق تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے چلنے والے کیس کی کارروائی روکنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں کمیشن کا دائرہ اختیار کو بھی چیلنج کیا گیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جمعہ کے روز درخواست پر تحریک انصاف اور اکبر ایس بابر کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
دلائل میں پی ٹی آئی کے وکیل کا مؤقف تھا کہ کہ بینک اکاؤنٹ کی تفصیل ہرکسی کو نہیں دی جاسکتی، یہ تفصیلات صرف مجاز ادارے کو ہی دی جاسکتی ہیں جب کہ الیکشن کمیشن تکنیکی طور پر پی ٹی آئی کے خلاف پارٹی بنا ہوا ہے۔
تحریک انصاف کےخلاف غیر ملکی فنڈنگ کی درخواست دائر کرنے والے اکبر ایس بابر کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس کسی بھی جماعت کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق پوچھ گچھ کا اختیار ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے جمعہ کے روز محفوظ کیے جانے والے فیصلے کو آج سناتے ہوئے تحریک انصاف کی درخواست خارج مسترد کردی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست کو غیر مؤثر قرار دیا ہے۔