31 جنوری ، 2018
مشہور کامیڈین سنیل گروور اور کپل شرما کے تعلقات پر جمی برف پگھلنے لگی ہے جس کے بعد امید کی جارہی ہے کہ جلد ہی دونوں کو ایک ساتھ دوبارہ کام کرنے پر راضی ہو جائیں گے۔
کپل شرما سے لڑائی کے بعد سنیل گروور نے ’دی کپل شرما شو‘ کو خیرباد کہہ دیا تھا اور اچانک ہی 4 فنکاروں کے شو چھوڑ جانے سے شو کی ٹی آر پی گر گئی تھی۔
شو کی گرتی ہوئی ریٹنگ نے کپل شرما کو بھی بیمار کردیا تھا جس کی وجہ سے شو کوہی بند کرنا پڑا تھا۔ جب کہ کئی اداکاروں نے سنیل گروور کو منانے کی کوشش کی تھی لیکن وہ کسی صورت کپل کے ساتھ کام کرنے کو تیار نہیں تھے۔
تاہم اب سنیل گروور اور کپل شرما کے تعلقات پر جمی برف پگھلنے لگی ہے۔
ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل گروور نے کہا کہ میں ’کپل شرما شو‘ کو بہت یاد کرتا ہوں کیوں کہ وہ میری زندگی کا بہت خوبصورت حصہ رہا جہاں ہم سب مل کر لوگوں کو ہنساتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا اور کپل شرما کا اچھا تعلق رہا ہے اور ہم نے ایک ساتھ اچھا شو کیا جس سے لوگوں میں مسکراہٹیں بکھیریں ہیں۔
ایک ساتھ کام کرنے سے متعلق سوال پر سنیل کا کہنا تھا کہ ابھی کوئی ایسا شو نہیں چل رہا جس میں دونوں ساتھ کام کریں۔
پرانے کرداروں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ سارے سروے کرنے کا کام چینل کا ہوتا ہے اور کسی چینل کو لگتا ہے کہ ہمیں ان کرداروں میں واپس آنا چاہیے تو وہ اس کے لیے تیار ہوں۔
سنیل گروور کی جانب سے مثبت پیغام کے بعد انڈسٹری میں ایک بار پھر دونوں کے ایک ساتھ کام کرنے کی چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔