پاکستان
Time 03 فروری ، 2018

کے پی پولیس کا مردان کی اسماء کی لاش 24 گھنٹوں میں ڈھونڈنے کا دعویٰ جھوٹا نکلا


مردان: خیبر پختونخوا پولیس کا مردان میں درندگی کا شکار ہونے والی 4 سالہ بچی اسماء کی لاش کو 24 گھنٹوں میں ڈھونڈنے کا دعویٰ جھوٹا نکلا، اہلخانہ کے مطابق انہوں نے بچی کی لاش خود ڈھونڈی تھی۔

جیو نیوز کے پروگرام 'لیکن' کی اینکر پرسن رابعہ انعم سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول بچی کے دادا نے انکشاف کیا کہ اسماء کی لاش گھر کی خواتین نے ڈھونڈی، پولیس واقعے کی جگہ پر بھی نہیں آئی بلکہ لواحقین سے بچی کی لاش چوکی پر منگوالی۔

ان کا کہنا تھا، 'گھر کی خواتین نے کھیتوں میں جا کر اسماء کی لاش ڈھونڈ نکالی، جب پولیس کو بتایا تو ان سے کہا گیا کہ بچی کی لاش چوکی لے آؤ، جب وہاں گئے تو کہا گیا کہ لاش کو اسپتال لے جاؤ'۔

مقتول بچی کے چچا کے مطابق، 'جب انہوں نے بچی کی گمشدگی کی خبر پولیس چوکی کو دی تو ان سے کہا گیا کہ آپ لوگ تلاش کریں، جس کے بعد اگلے دن 3 بجے بچی کی لاش کھیتوں سے ملی، اب یہ معلوم نہیں کہ بچی خود وہاں گئی یا اسے لے جایا گیا'۔

بچی کے چچا کے مطابق 'بچی کو اسپتال لے جایا گیا، لیکن اس وقت ڈاکٹروں نے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا کہ بچی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ 'اس کے بعد سے تھانے کے چکر لگتے رہے، پولیس بھی صبح شام یہاں ہوتی ہے، پورے علاقے سے ڈی این اے کے نمونے بھی لے لیے گئے ہیں'۔

بچی کے چچا کے مطابق 'ہمیں کسی پر شک نہیں، نہ ہماری کسی سے ذاتی دشمنی ہے، نجانے اتنی چھوٹی بچی سے کون دشمنی نکالے گا'۔

مقتول بچی کے چچا کا کہنا تھا کہ 'اس واقعے کے بعد بچے تو ڈرے ہی ہیں، ہم بھی ڈر گئے ہیں'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'بچے اسکول نہیں جانا چاہتے اور ہم بھی انہیں بھیجنا نہیں چاہ رہے'۔

یاد رہے کہ مردان کے گاؤں گوجر گڑھی کے علاقے جندر پار کی 4 سالہ بچی اسماء کی لاش 15 جنوری کو گھر کے قریب کھیتوں سے برآمد ہوئی تھی، جس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تصدیق ہوئی تھی کہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مردان میں واقع اسماء کی رہائش گاہ کا دورہ کیا تھا اور ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔

بعدازاں چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے بھی بچی کے قتل کا ازخود نوٹس لیا تھا۔

مزید خبریں :