انتظار قتل کیس کی تحقیقات کے لیے نئی جے آئی ٹی تشکیل


کراچی: اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس کے ہاتھوں ڈیفنس میں قتل ہونے والے نوجوان انتظار کے قتل کیس کی تحقیقات کے لیے نئی جی آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق جےآئی ٹی کی تشکیل کا حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے جس میں آئی ایس آئی (کم سے کم میجر درجے کا افسر)، ملٹری انٹیلیجنس (کم سے کم میجر درجے کا افسر)، انٹیلی جنس بیورو (ایس پی درجے کا افسر)، رینجرز اور اسپیشل برانچ کے افسران شامل ہیں۔

پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ساؤتھ جوائنٹ انٹیروگیشن ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں جب کہ جےآئی ٹی میں پیش ہونے کے لئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔

مقتول انتظار کے والد اشتیاق احمد کو جاری کردہ نوٹس کے مطابق انہیں 19 فروری کو دوپہر ایک بجے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کا اجلاس پیر 19 فروری کی دوپہر پولیس ہیڈ آفس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کے دفتر میں ہوگا۔ 

انتظار قتل کیس کے حوالے سے اس سے قبل بھی جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی جس پر ایک فریق نے عدم اعتماد کیا تھا۔ 

یاد رہے کہ نوجوان انتظار کو 13 جنوری کی رات ڈیفنس کے علاقے میں چیکنگ کے دوران اینٹی کار لفٹنگ سیل کے عملے نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ 

فائرنگ کرنے میں براہ راست ملوث ایس ایس پی اینٹی کار لفٹنگ سیل مقدس حیدر کے گن مین شامل تھے جب کہ اس کیس میں 9 پولیس افسران اور اہلکار گرفتار ہیں۔

انتظار کے والد کے لئے پولیس کا نوٹس


مزید خبریں :