Time 16 فروری ، 2018
پاکستان

ن لیگ میں صرف ایک ہی لیڈر ہے جس کا نام نواز شریف ہے، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزارت سنبھالے سات ماہ ہوگئے ہیں، نہ کبھی سابق وزیراعظم نواز شریف نے فون کرکے کوئی کام کرنے یا نہ کرنے کو کہا اور نہ کسی اور نے فون کیا۔

جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پارٹی کے صوبائی صدر ہیں لیکن عوام جس لیڈر کو پہچانتے ہیں وہ نواز شریف ہیں۔

شاہد خاقان عابسی نے کہا کہ ان کی حکومت میں کوئی ریڈ لائن نہیں، صرف ایک ہی ریڈ لائن ہے وہ ہے آئین۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی لیڈرشپ ماننے کا ابھی سوال نہیں آیا۔

عمران خان کا ان کو وزیراعظم تسلیم نہ کرنے سے متعلق ایک سوال پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ’میری ان (عمران خان) سے کوئی واقفیت نہیں ہے، اسمبلی وہ کبھی آئے نہیں ہیں، نہ انہوں نے مجھے کبھی ووٹ دیا ہے، مجھے ان کی رائے کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ان کو جانتے ہیں اور وہ ان کے ساتھ ٹاکرے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

’میں نے دس دفعہ شیخ ریشد سے کہا ہے کہ میرے سامنے بیٹھ کر بات کرو۔‘

2018 انتخابات میں وزیراعظم کے منصب کے امیدوار ہونے کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ سوال ان سے انتخابات کے بعد کیا جائے کیوں کہ بطور وزیراعظم وہ اس کرسی پر بیٹھ کر جواب نہیں دینا چاہتے۔

وزیراعظم عباسی کا مکمل انٹرویو اتوار کے روز شام پانچ بج کر پانچ منٹ پر نشر کیا جائے گا۔

مزید خبریں :