گوگل نے امیج سرچ آپشن میں تبدیلی کرکے صارفین کو پریشان کردیا

گوگل کے مطابق 'ویو امیج' آپشن کو ہٹانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ صارف وزٹ کے آپشن کو استعمال کرکے ویب سائٹ کو چیک کرے—۔فائل فوٹو

معروف سرچ انجن گوگل نے تصاویر کو اوپن کرنے والے بٹن یعنی ’ویو امیج‘ کو ہٹا دیا ہے، جس پر صارفین نے پریشانی کا اظہار کیا ہے۔

اب صارفین جب بھی کوئی تصویر گوگل پر سرچ کریں گے تو انہیں تصویر پر کلک کرکے تین آپشنز کے بجائے صرف دو نظر آئیں گے جن میں ایک وزٹ اور دوسرا شیئر کا ہوگا، جبکہ اس سے قبل تصویر کو الگ سے دیکھنے یا 'ویو امیج' کا آپشن بھی نظر آتا تھا۔

ڈیلی میل کے مطابق گوگل نے یہ اقدام گیٹی امیجز کے ساتھ کیے گئے ایک معاہدے کے نیتجے میں کیا ہے جو فوٹوگرافر کی تصاویر کو فروخت کرنے کا کام کرتا ہے۔

یہ اقدام اُن تمام افراد کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جنہیں شکایت ہے کہ ان کی محنت سے لی گئی تصاویر کو کاپی کرلیا جاتا ہے اور پھر کریڈٹ بھی نہیں دیا جاتا۔

'ویو امیج' آپشن کو ہٹانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ صارف وزٹ کے آپشن کو استعمال کرے اور ویب سائٹ کو چیک کرے۔


گوگل کمپنی نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں اس تبدیلی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں صارفین اور ان کو سہولت فراہم کرنے والے افراد دونوں کا خیال ہے جب ہی اسے ری ڈیزائن کیا گیا ہے۔


گوگل کی جانب سے ویو امیج بٹن کو ہٹانے جانے کے اقدام پر صارفین نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا ہے، کچھ کا کہنا ہے کہ 'ایک ہی آپشن کارآمد تھا جسے ہٹا دیا گیا ہے'۔

اس آپشن کے ختم ہونے سے تصویر تلاش کرنے والے عام صارف کو مشکل کا سامنا ہوگا جب کہ ایک مشکل یہ بھی درپیش ہوگی کہ کچھ ویب سائٹس میں تو رائٹ کلک کا آپشن ہی بند ہوتا ہے تاکہ کوئی بھی تصویر نقل نہ کی جائے۔

مزید خبریں :