پاکستان
Time 18 فروری ، 2018

جمائما اور ریحام خان کے بعد بشریٰ بی بی عرف پِنکی

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق ہوگئی، اس سے قبل وہ جمائما گولڈ اسمتھ اور ریحام خان سے بھی رشتہ ازدواج سے منسلک ہوچکے ہیں۔

عمران خان نے پہلی شادی برطانوی خاتون جمائما گولڈ اسمتھ سے 1995 میں کی تھی۔

ان دونوں کی شادی 16 مئی 1995 کو پیرس میں ہوئی تھی۔ شادی کے بعد عمران خان نے پاکستانی سیاست میں دلچسپی لینا شروع کردی تھی اور انہوں نے 1996 میں پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی تھی۔

فائل فوٹو

عمران خان اور جمائما کے دو بیٹے بھی ہیں۔2002 میں عمران خان پارلیمنٹ کے رکن بنے اور اس وقت انہیں صدر پرویز مشرف کا سخت ناقد سمجھا جاتا تھا۔

شادی کے 9 سال بعد 22 جون 2004 کو یہ بات سامنے آئی کہ عمران خان اور جمائما کے درمیان طلاق ہوگئی ہے۔

عمران خان اپنے بیانات میں یہ کہہ چکے ہیں کہ جمائما سے علیحدگی کے پہلے اور بعد کے چھ ماہ ان کی زندگی کے مشکل ترین دن تھے۔

طلاق کے بعد جمائما اپنے بیٹوں کو لے کر برطانیہ واپس چلی گئی تھیں تاہم اب بھی وہ عمران خان کی سپورٹر ہیں اور مختلف معاملات میں ان کی حمایت کرتی ہیں۔

فائل فوٹو

بعد ازاں عمران خان نے جنوری 2015 میں صحافت کے پیشے سے وابستہ ریحام خان سے شادی کی۔

ابتداء میں عمران خان کی جانب سے شادی کی تردید کی جاتی رہی تاہم بعد میں عمران خان نے باضابطہ طور پر شادی کا اعلان کیا۔

لیکن عمران خان کی یہ دوسری شادی محض 10 ماہ ہی چل سکی اور 22 اکتوبر 2015 کو عمران خان اور ریحام خان کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

فوٹو بشکریہ پی ٹی آئی ٹوئٹر پیج

دو سال بعد 2018 کا آغاز عمران خان نے تیسری شادی کرکے کیا اور اس بار ان کی دلہن بشریٰ بی بی نامی خاتون بنیں جن کے پاس عمران خان روحانی رہنمائی کیلئے جاتے تھے۔

ابتداء میں عمران خان نے بشریٰ مانیکا سے شادی کی تردید کی تاہم اب پاکستان تحریک انصاف نے باضابطہ طور پر شادی کی تصدیق کردی ہے اور نکاح کی تصویریں بھی جاری کردی گئی ہیں۔

مزید خبریں :