پاکستان

عمران خان کی بشریٰ بی بی سے شادی کی تصدیق


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی بشریٰ بی بی سے شادی کی تصدیق ہوگئی۔

تحریک انصاف نے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے نکاح کی تصاویر جاری کردیں۔

نکاح مفتی سعید نے پڑھایا جس میں بشریٰ بی بی کے قریبی رشتہ دار اور پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

دونوں کی شادی اور رخصتی کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی۔ تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تصاویر بھی پوسٹ کی گئیں۔

ترجمان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا کہ نکاح کی تقریب آج شام بشریٰ بی بی کے گھر پر ہوئی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق شادی میں عمران خان کی کسی بہن نے شرکت نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق ریحام خان سے شادی کے موقع پر عمران خان نے اپنے بچوں کو اعتماد میں لیا تھا تاہم اس مرتبہ ایسا نہیں کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی بہنیں ریحام خان سے ان کی شادی پر بھی خوش نہیں تھیں۔

اپنی خبر پر قائم ہوں، عمر چیمہ

66 سالہ عمران خان کی شادی کی خبر سب سے پہلے دی نیوز کے رپورٹر عمر چیمہ نے بریک کی تھی تاہم تحریک انصاف نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ شادی کی صرف پیشکش کی گئی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عمر چیمہ نے کہا کہ وہ اپنی خبر پر قائم ہیں کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح یکم جنوری کو ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کا ذکر انہوں نے اپنی خبر میں کیا تھا وہ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کی جانے والی تصاویر میں بھی موجود ہیں۔

’خان صاحب جنگ کی خبر پر سچ بول دیتے‘

پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ خان صاحب روزنامہ جنگ کی خبر پر ہی سچ بول دیتے، اچھا کام کیا تھا، چھپانے والی یا جھوٹ بولنے والی کیا بات تھی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ کسی کی قسمت میں وزارت عظمیٰ کی تین مرتبہ شیروانی تھی اور کسی کی قسمت میں شادی کی تین شیروانیاں تھیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے کسی کا گھر توڑنے کے بعد اپنا گھر بسالیا، انہیں اپنی عمر کا خیال کرنا چاہیے تھا۔

رہنما تحریک انصاف شیریں مزاری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو شادی کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔











پارٹی رہنما جہانگیر ترین نے بھی شادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ آپ دونوں کو ہمیشہ خوش وخرم رکھے۔











تحریک انصاف کے رہنما عون چوہدری نے بھی عمران خان کو شادی پر مبارک باد دی۔










پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


























عمران خان کی تیسری شادی کا معاملہ

خیال رہے کہ جنوری کے آغاز میں دی نیوز کے سینیئر رپورٹر عمر چیمہ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ عمران خان نے تیسری شادی کرلی ہے اور اس بار ان کی دلہن وہ خاتون ہیں جن کے پاس وہ روحانی رہنمائی کے لئے جایا کرتے تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے یکم جنوری کی شب لاہور میں خاتون سے شادی کرکے سال نو کا آغاز کیا اور وہاں سے اگلے روز سیدھے اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت پہنچے جہاں سے انہیں ضمانت مل گئی۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ عمران خان کا نکاح پی ٹی آئی کور کمیٹی کے رکن مفتی سعید نے پڑھایا۔

اس حوالے سے جب چکوال میں جلسے سے خطاب کے بعد جب عمران خان واپسی کے لیے روانہ ہوئے تو صحافیوں نے انہیں گھیر لیا تھا اور اصرار کیا تھا کہ وہ شادی کی تردید کریں یا تصدیق کریں جس پر چیئرمین تحریک انصاف صحافیوں کے سوالات کا جواب دیئے بغیر گاڑی میں بیٹھ گئے تھے۔

عمران خان کی تیسری شادی کے حوالے سے ابتدائی طور پر تحریک انصاف کے مختلف رہنماؤں نے واضح تردید کردی تھی۔

بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی سے شادی نہیں کہ بلکہ صرف پیشکش کی ہے اور بشریٰ بی بی نے کوئی قدم اٹھانے سے پہلے خاندان سے مشورے کے لئے وقت مانگا ہے۔

تاہم اب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے باضابطہ عمران خان کی تیسری شادی کا اعلان کردیا گیا ہے اور تصاویر بھی جاری کردی گئی ہیں۔

مزید خبریں :