بالی وڈ میں قد قد کی کہانی

— فوٹو:فائل

قد میں کیا رکھا ہے؟ وہ لمبا قد جس کی وجہ سے 6 فٹ 2 انچ کے نوجوان امیتابھ فلمی کیریئر کے شروع ہونے سے پہلے کئی بار ’ریجکٹ‘ ہوئے بعد میں امیتابھ کی آواز اور اداکاری کے ساتھ ان کی پہچان بنا۔

امیتابھ بچن نے ایک بار پھر اپنے لمبے قد کو ’کیش‘ کرنے کی کوشش کی اور ایک خبر کے جواب میں جس میں کہا گیا ہے کہ لمبے قد کی کترینہ اور دپیکا کو عامر اور شاہد کپور جیسے چھوٹے قد کے ہیروز کے ساتھ کام کرنے میں مشکل ہورہی ہے۔

’لمبوجی‘ کی دپیکا اور کترینہ سے مذاق میں ایک درخواست 

بالی وڈ کے  ’لمبو جی‘نے اس درخواست میں لکھا ہے کہ ”عمر 76سال، 49 سال فلمی کیریئر میں 200 فلموں کا تجربہ، مختلف زبانوں پر عبور اور سب سے بڑھ کر قد 6 فٹ 2 انچ جس کی وجہ سے دپیکا اور کترینہ جیسی لمبی حسیناؤں کو اسکرین پر کبھی قد کی مشکل نہیں ہوگی“۔

یہ درخواست تو مذاق میں لکھی گئی ہے لیکن یہ بات بھی سب جانتے ہیں کہ 30 سالوں سے بالی وڈ میں حکمرانی کرنے والے تینوں خان قد میں امیتابھ سے ہی نہیں کافی ہیروز سے چھوٹے ہیں لیکن کبھی یہ قد ان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنا۔

— فوٹو:بشکریہ دکن کرونیکل

شاہ رخ خان کا قد 5 فٹ 9 انچ، سلمان خان کا 5 فٹ 7 انچ اور عامر خان کا قد 5 فٹ 6 انچ ہے۔ بالی وڈ میں ہیروئن ہیرو سے لمبی ہو یہ بات اب دیکھنے والوں کو ’عجیب‘ نہیں لگتی کیونکہ شاہ رخ، سلمان اور سب سے بڑھ کر عامر اپنے سے لمبی کترینہ کے ساتھ ہیرو بن کر بھی سپر ہٹ فلمیں دے چکے ہیں۔

دپیکا نے سلمان اور عامر کے ساتھ کام نہیں کیا لیکن ان کا قد بھی تقریبا کترینہ جتنا ہی لمبا ہے۔ شاہ رخ اور سلمان 5 فٹ 9 انچ اونچی سشمیتا کے ساتھ کامیاب فلموں میں ہیرو آچکے ہیں اور دوسری طرف عامر خان کی سونالی بندرے کے ساتھ ”سرفروش“ بھی سپر ہٹ ہوئی تھی۔

شاہ رخ خان اور سشمیتا سین ایک ساتھ — فوٹو:بھارتی میڈیا

کترینہ اور دپیکا کے علاوہ تبو اور نرگس فخری کا قد بھی اونچا ہے۔ بالی وڈ کی سب سے لمبی ہیروئن غالبا ’یوکتا مکھی‘ تھیں۔ اس سابقہ ملکہ حسن کا قد 6 فٹ سے بھی اونچا تھا۔

ہیروز کی بات ہو تو امیتابھ بچن سے بہت پہلے پرتھوی راج کپور کا قد بھی 6 فٹ سے زیادہ تھا۔ دلیپ کمار، راج کپور، دیو آنند، ششی کپور، دھرمیندر، جتندر اور راجیش کھنہ کا قد 6 فٹ سے کم لیکن سنیل دت، منوج کمار، شمی کپور اور ونود کھنہ کا قد تقریبا 6 فٹ یا زیادہ کا تھا۔

خان ہیروز سے پہلے کیریئر اسٹار کرنے والے سنجے دت اور جیکی شیروف کا قد بھی 6 فٹ کے آس پاس ہے۔ انیل کپور اور سنی دیول کا قد بھی تینوں خانوں سے اونچا لیکن 6 فٹ سے کم ہے۔ اس وقت موجودہ ہیروز میں رنبیر کپور، ریتھک روشن، ارجن کپور، ابھے دیول، جان ابراہم، سونو سود اور سدھارتھ ملہوترا کا قد 6 فٹ کے قریب یا زیادہ ہے۔ 

— فوٹو: بشکریہ ٹی سیریز

اکشے کمار، اجے دیوگن، بوبی دیول، رنویر سنگھ، ورون دھون کا قد 6 فٹ کا نہیں لیکن یہ پانچوں بھی قد میں خان ہیروز سے آگے لیکن کامیابی میں بہت پیچھے ہیں، قد میں امیتابھ کی برابری ان کے بیٹے ابھیشیک بچن نے کی لیکن آدیتا پنچولی کا قد 6 فٹ 3 انچ ان دونوں سے زیادہ نکلا۔

فلم ”موہن جو دڑو“کے ولن آروندھے سنگھ کا قد آدیتا پنچولی کے برابر ہے لیکن وہ بھی اس وقت بالی وڈ کے سب سے لمبے اداکار نہیں۔ بالی وڈ کے سب سے لمبے اداکار ہیں فلم ’دبنگ 2‘ اور ’چنئی ایکسپریس‘ کے ولن ’نکیتن دھیر‘ جو سلمان خان کی ’ریڈی‘ میں بھی کام کرچکے ہیں اور ان کا قد 6 فٹ 4 انچ ہے۔

مزید خبریں :