کھیل
Time 24 فروری ، 2018

پی ایس ایل3: جنید، طاہر کی شاندار بولنگ کی بدولت ملتان دوسرے میچ میں بھی کامیاب

پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 43 رنز سے شکست دیدی۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پی ایس ایل تھری کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے دیئے گئے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم اٹھارہویں اوور میں 136 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان اور عمران طاہر نے تین، تین جبکہ محمد عرفان اور کیرون پولارڈ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

لاہور قلندرز کی آخری 5 وکٹیں اپنی ٹیم کے اسکور میں صرف ایک رن کا ہی اضافہ کر پائیں جب کہ آخری 7 وکٹیں صرف 4 رنز کا ہی اضافہ کر پائے۔ 

قلندرز کو پہلا نقصان چوتھے اوور میں سنیل نارائن کی صورت میں ہوا جو 26 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی برینڈن میکلم تھے جو  بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

جارحانہ موڈ میں نظر آنے والے عمر اکمل 31 رنز بنا کر کیرون پولارڈ کی گیند پر  کیچ آؤٹ ہوئے۔









فخر زمان بھی 30 گیندوں پر 49 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، احمد شہزاد نے ان کا شاندار کیچ پکڑا۔

لاہور قلندرز کے نوجوان بلے باز سہیل اختر 21 رنز بنا کر عمران طاہر کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ عامر یامین کو بھی ایک رن پر عمران طاہر نے کلین بولڈ کیا۔

جنید خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 اوور میں ہیٹ ٹرک مکمل کی، انہوں نے تین گیندوں پر لگاتار یاسر شاہ، ڈیلپورٹ اور رضا حسن کو آؤٹ کیا۔

لاہور قلندرز کے آخری کھلاڑی کو عمران طاہر نے آؤٹ کیا۔

قبل ازیں ملتان سلطانز نے کمارا سنگا کارا، شعیب ملک اور احمد شہزاد کی بہترین بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کمارا سنگا کارا نے 63، شعیب ملک نے 48 اور احمد شہزاد نے 38 رنز کی اننگز کھیلیں۔

ملتان سلطانز کو پہلا نقصان گیارہویں اوور میں ہوا جب احمد شہزاد 38 رنز بنا کر مستفیظ الرحمان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

سلطانز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی صہیب مقصود تھے جو یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

کمارا سنگا کارا نے ایک بار پھر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 44 گیندوں پر 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر مستفیظ الرحمان کا شکار بنے۔

کیرون پولارڈ بغیر کوئی رن بنائے جب کہ شعیب ملک 48 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے مستفیظ الرحمان نے 2 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی جب کہ ملتان سلطانز کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کے عمران طاہر کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 گزشتہ روز اپنے ڈیبیو میچ میں شعیب ملک الیون نے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن 22 فروری سے شروع ہوچکا ہے جس کے ابتدائی میچز یو اے ای میں جب کہ ایلیمینیٹر میچز 20 اور 21 مارچ کو لاہور میں ہوں گے اور فائنل 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :