Time 25 فروری ، 2018
پاکستان

نیب لاہور نے پی ٹی آئی رہنما علیم خان کو طلب کرلیا

قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علیم خان کو 26 فروری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

نیب لاہور آفس کے مطابق علیم خان نے ابھی تک نیب کو مطلوبہ دستاویزات فراہم نہیں کیں لہٰذا انہیں نیب آفس لاہور میں ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نیب کی طلبی پر عبدالعلیم خان کے وکیل پیش ہوں گے۔

ان کے ترجمان نے کہا کہ عبدالعلیم خان کے وکیل کل نیب آفس میں پیش ہوں گے اور نیب کی جانب سے طلب کیا جانے والا سارا ریکارڈ جمع کرادیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ علیم خان عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور جب بھی بلایا جائے گا وہ جائیں گے۔

خیال رہے کہ نیب لاہور کی ٹیم علیم خان کے خلاف ہاؤسنگ منصوبوں کے حوالے سے بھی تحقیقات کررہی ہے اور علیم خان اور ان سے جڑے ہاوسنگ منصوبوں پارک ویو ولاز اور ریور ایج ہاؤسنگ سوسائٹی کے بارے تحقیقات کے سلسلے میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے 5 حکام سے پوچھ گچھ کی جاچکی ہے۔

اس حوالے سے علیم خان کہہ چکے ہیں کہ وہ نیب سمیت ہر قومی ادارے سے تعاون کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ 2010 میں ایل ڈی اے سے پہلے سے منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹی خریدی لیکن میری سوسائٹی کا این او سی منسوخ کرکے اسے غیرقانونی قرار دیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :