سام سنگ نے جدید ترین گلیکسی ایس 9 اور ایس 9 پلس اسمارٹ فونز متعارف کرادیے

بارسلونا: جنوبی کوریا کی معروف کمپنی سام سنگ نے اسپین کے شہر بارسلونا میں ہونے والی تقریب میں جدید ترین اسمارٹ فونز متعارف کرادیے۔

سام سنگ کی جانب سے ’ایس سیریز‘ کے دو نئے اسمارٹ فونز متعارف کرائے گئے ہیں جن کے نام ’’سام سنگ گلیکسی ایس 9‘‘ اور ’’سام سنگ گلیکسی ایس 9 پلس‘‘ ہیں۔

سام سنگ گلیکسی ایس 9

سام سنگ گلیکسی ایس 9 نہایت دیدہ زیب اسمارٹ فون ہے جس میں 5.8 انچ کی اسکرین دی گئی ہے جبکہ اس میں اینڈرائیڈ کا جدید ترین اوریو آپریٹنگ سسٹم ڈالا گیا ہے۔

ایس 9 میں کیمرہ کے معیار کو بھی بہتر بنایا گیا ہے خاص طور پر اندھیرے میں اچھی تصویر لینے کی صلاحیت میں اضافہ کیا گیا ہے۔

ایس 9 میں پیچھے کی جانب موجود فنگر پرنٹ کو اسکین کرنے والا سینسر بھی کیمرے کے نیچے دیا گیا ہے جو اس سے قبل کیمرے کے برابر میں تھا۔

ایس 9 اور ایس 9 پلس دونوں میں ایس 8 کی طرح خم دار کونے (curved corners) دیے گئے ہیں جبکہ ایس نائن میں بیک کیمرہ 12 میگا پکسل رکھا گیا ہے جبکہ فرنٹ کیمرہ 8 میگا پکسل ہے۔

کمپنی کے مطابق سام سنگ گلیکسی ایس 9 کی فروخت باضابطہ طور پر 16 مارچ سے شروع ہوگی اور اس کی عمومی قیمت 720 ڈالر یعنی تقریباً (79 ہزار 826 روپے) رکھی گئی ہے البتہ مختلف ممالک میں قیمتیں مختلف ہوسکتی ہیں۔

گلیکسی ایس 9 کی ایڈوانس بکنگ 2 مارچ سے شروع ہوگی۔

سام سنگ گلیکسی ایس 9 پلس

سام سنگ گلیکسی ایس 9 پلس کو اب تک کا جدید ترین فون قرار دیا جارہا ہے جس کی اسکرین کا سائز 6.2 انچ ہے جبکہ فرنٹ اور بیک پر مضموط شیشے کا کور دیا گیا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کی ایس 9 اور ایس نائن پلس کی بیٹری پہلے سے بہتر ہے جبکہ ایس نائن پلس میں پیچھے ایک کے بجائے دو کیمرے پہلی بار شامل کیے گئے ہیں۔

ایس نائن کی طرح ایس نائن پلس میں بھی فرنٹ کیمرہ 8 میگا پکسل اور بیک کیمرہ 12 میگا پسکل رکھا گیا ہے۔

ایس 9 پلس کی قیمت 840 ڈالر یعنی تقریباً (93ہزار 130 روپے) سے شروع ہورہی ہے اور اس کی باضابطہ فروخت 16 مارچ سے شروع ہوگی۔

مزید خبریں :