پاکستان سپر لیگ میں کھلاڑیوں کے نرالے انداز

پی ایس ایل تھری میں کھلاڑیوں کے منفرد اسٹائل شائقین کرکٹ میں بے پناہ مقبولیت حاصل کررہے ہیں

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی رونقیں متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقل ہوچکی ہیں اور سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔

کسی بھی ایونٹ کو اس وقت کامیاب قرار دیا جاتا ہے جب اس میں ایکشن ہو، سسپنس ہو، بڑے ستاروں کی جگماہٹ ہو، تفریح کے بھرپور مواقع ہوں اور کچھ ایسی نئی چیز ابھر کر سامنے آئے جو اسے دوسرے ایونٹس سے ممتاز بنائے۔

پاکستان سپر لیگ میں یہ تمام عناصر بخوبی پائے جاتے ہیں، افتتاحی تقریب سے لے کر اب تک ہونے والے میچز میں ہمیں نت نئے رنگ اور ایکشن سے بھرپور کرکٹ دیکھنے کو ملی ہے۔

چوکے، چھکے، آؤٹ، جیت اور ہار کے لمحات تو ہر کرکٹ میچ میں دیکھنے کو مل جاتے ہیں لیکن ایسے یاد گار لمحات جو میچ کو چار چاند لگادیں اور ایونٹ کی پہچان بن جائیں، بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں۔

کرکٹ میں انٹرٹینمنٹ کا تڑکا اپنی جگہ لیکن ایونٹ کی اصل پہچان اس میں حصہ لینے والے کھلاڑی ہوتے ہیں جو اپنی پرفارمنس اور انوکھے انداز سے رنگ جمائے رکھتے ہیں۔

پی ایس ایل بھی ایسا ہی ایک ٹورنامنٹ ہے جو اپنے سنسنی خیز میچز کے علاوہ کھلاڑیوں کے منفرد اسٹائل اور حرکات و سکنات کے لیے شائقین کرکٹ میں بے پناہ مقبولیت حاصل کررہا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں ایسے کئی یادگار لمحات آئے جنہیں کیمرے کی آنکھ نے قید کیا، خاص طور پر وکٹ لینے کے بعد کھلاڑیوں کے جشن منانے کے نرالے انداز اور معمولی نوک جھوک خاصے مقبول ہورہے ہیں۔ آئیے ایک بار پھر ان لمحات کو دیکھتے ہیں۔

پشاور زلمی کا آئرن مین

لاہور میں پی ایس ایل تھری کے پہلے ایلیمنیٹر میچ میں پشاور نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ کو ایونٹ سے باہر کردیا۔

میچ کے سنسنی خیز لمحات میں پشاور زلمی کے فاسٹ بولر عمید آصف نے کوئٹہ کے محمود اللہ کو بولڈ مار کر انوکھے انداز میں جشن منایا۔

محمود اللہ کو بولڈ کرنے کے بعد عمید آصف نے اپنی ٹی شرٹ اٹھاکر منہ چھپالیا جس کے بعد ہالی ووڈ کے سپر ہیرو ’آئرن مین‘ کی جھلک دکھائی دی۔

دراصل عمید آصف نے پشاور زلمی کی شرٹ کے اندر جو ٹی شرٹ پہن رکھی تھی اس پر آئرن مین کے کاسٹیوم کا ڈیزائن موجود تھا۔


راحت علی کا جشن اور عماد وسیم کا غصہ

پی ایس ایل تھری کے 19 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو شکست دے دوچار کیا۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کپتان عماد وسیم بھی کوئی خاص کارکردگی نہ دکھاسکے۔

کوئٹہ کے فاسٹ بولر راحت علی نے عماد وسیم کو آؤٹ کیا اور اپنے روایتی انداز میں جشن منایا تو عماد وسیم کو برا لگ گیا۔

میدان میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تکرار ہوئی جس پر راحت علی نے اپنے ہاتھ سے عماد وسیم کو گراؤنڈ سے باہر جانے کا اشارہ کیا جس پر عماد وسیم کو غصہ آگیا اور وہ راحت علی کی جانب بڑھنے لگے۔

صورتحال مزید خراب ہونے سے قبل کپتان سرفراز بیچ میں آگئے اور راحت علی کو پکڑ کر اپنے ساتھ لے گئے۔


یاسر شاہ کا حسن علی کے انداز میں جشن

پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد کے خلاف میچ میں لاہور قلندرز کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے آصف علی کو بولڈ کرنے کے بعد پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی کے انداز میں جشن مناکر لیگ میں ان کی کمی کو کسی حد تک پورا کرنے کی کوشش کی۔

حسن علی پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہیں تاہم انجری کی وجہ سے اب تک پی ایس ایل کے کسی میچ میں شرکت نہیں کرسکے ہیں اور شائقین کرکٹ ان کی کمی محسوس کررہے ہیں۔

حسن علی کا وکٹ لینے کے بعد مشہور اسٹائل اس بار یاسر شاہ نے نقل کیا تاہم وہ اس کوشش میں کتنے کامیاب ہوئے اس کا فیصلہ تو شائقین کرکٹ اور خود حسن علی کریں گے۔

 کیرون پولارڈ کی خیالی نوٹ بُک

کرکٹ کی تاریخ میں ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کو ہمیشہ ہی ان کی جارح مزاجی کے لیے یاد رکھا جائے گا تاہم اس کے ساتھ ساتھ میدان کے اندر نت نئے اندازِ جشن متعارف کرانے میں بھی سب سے آگے ہیں۔

ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کا جشن منانے کے لیے ’’گینگنم اسٹائل‘‘ کون فراموش کرسکتا ہے، اس گانے کی طرح ویسٹ انڈین کرکٹرز کے رقص کو بھی دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہوئی۔

اب پاکستان سپر لیگ میں شامل ویسٹ انڈین کرکٹر کیرون پولارڈ جو اس سیزن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کررہے ہیں، انہوں نے بیٹسمین کو آؤٹ کرنے کے بعد جشن منانے کا انوکھا انداز متعارف کرایا ہے۔

ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ میں کیرون پولارڈ، عمر اکمل کو آؤٹ کرنے کے بعد پچ پر بیٹھ گئے اور اپنی خیالی نوٹ بُک نکال کر اس پر کچھ لکھنے لگے اور پھر انگلی سے آؤٹ کا اشارہ کیا۔

شائد کیرون پولارڈ خیالی طور پر ان بیٹسمینوں کی فہرست مرتب کررہے ہیں جنہیں انہوں نے ٹھکانے لگایا اور اب اس فہرست میں انہوں نے عمر اکمل کا بھی نام درج کرلیا ہے۔

 یاسر شاہ کا دھمال

لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ جنہیں دنیائے فٹبال کے بے تاج بادشاہ لائنل میسی سے بھی تشبیہہ دی جاتی ہے، پی ایس ایل میں انہوں نے قلندرانہ انداز اپنایا ہوا ہے۔

یاسر شاہ وکٹ لینے کے بعد جھک جاتے ہیں اور اس طرح اپنے کندھوں اور سر کو ہلاتے ہیں جیسے کوئی ملنگ بے خودی میں دھمال ڈال رہا ہو۔

یاسر شاہ کے اس انداز کو بھی شائقین کرکٹ بے حد پسند کررہے ہیں۔

 عماد وسیم کا چربہ

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم بھی وکٹ حاصل کرنے کے بعد مخصوص انداز میں جشن مناتے ہیں۔ وہ بیٹسمین کو آؤٹ کرنے کے بعد دوڑتے ہیں اور ایک چھلانگ لگاکر ہاتھوں کو جوشیلے انداز میں پھیلاتے ہیں۔

البتہ عماد وسیم کے اس انداز پر چربے کا بھی الزام عائد کیا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ عماد وسیم نے معروف فٹبالر رونالڈو کے جشن منانے کا انداز اپنایا ہے۔

 وہاب ریاض کی مونچھیں

فاسٹ بولر وہاب ریاض پی ایس ایس میں پشاور زلمی کی نمائندگی کررہے ہیں اور اس بار ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی وہ اپنے نئے اسٹائل کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔

وہاب ریاض نے پی ایس ایل تھری کے لیے اپنی مونچھوں کو نیا لُک دیا ہے جس پر سوشل میڈیا پر کافی بحث بھی ہوئی۔ اس کے ساتھ ساتھ وہاب ریاض بیٹسمین کو آؤٹ کرنے کے بعد بھی اپنی مونچھوں کو تاؤ دے کر خوشی منارہے ہیں۔

 محمد عرفان جونیئر کا پہلوانی اسٹائل

کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے محمد عرفان جونیئر بھی منفرد انداز میں جشن منانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں تازہ اضافہ ہیں اور انہوں نے اپنے جشن میں دیسی تڑکا لگایا ہے۔

عرفان جونیئر نمائندگی تو کراچی کنگز کی کررہے ہیں لیکن ان کے جشن میں پنجابی جھلک ہے، وہ وکٹ لینے کے بعد فاتحانہ انداز میں اس طرح اپنی ران پر ہاتھ مارتے ہیں جیسے کوئی پہلوان دنگل سے پہلے کرتا ہے۔

 عمران طاہر کی دوڑ

جنوبی افریقا کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی نژاد لیگ اسپنر عمران طاہر پی ایس ایل کے بہترین بولرز میں سے ایک ہیں۔

عمران طاہر کا وکٹ حاصل کرنے کے بعد جشن منانے کا ایک مخصوص انداز ہے جس کا مظاہرہ وہ پی ایس ایل میں بھی کررہے ہیں۔

عمران طاہر وکٹ حاصل کرنے کے بعد تیزی سے بھاگتے ہیں اور تمام کھلاڑیوں سے دور باؤنڈری لائن کے قریب پہنچ کر شائقین کی جانب فاتحانہ مکا لہراتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ان کے اس انداز پر کافی مزے مزے کے تبصرے دیکھنے کو ملتے ہیں، ایک صارف کہتا ہے کہ عمران طاہر وکٹ لینے کی خوشی میں دنیا کے تیز ترین شخص یوسین بولٹ سے بھی تیز دوڑتے ہیں۔

ایک اور صارف نے عمران طاہر کے جشن کو کچھ اس طرح بیان کیا۔


 ڈیرن سیمی کی خیالی تلوار

پشاور زلمی کو پاکستان سپر لیگ کا چیمپئن بنانے والے ڈیرن سیمی کا جشن منانے کا اپنا ہی انداز ہے اور ان کا ہر انداز کافی مقبول ہوتا ہے۔

پی ایس ایل کے دوسرے سیزن میں ڈیرن سیمی کا خیالی سیلفی لینے کا انداز خاصہ مقبول ہوا تھا اور اب ڈیرن سیمی گیند کو باؤنڈری لائن کے باہر پھینکنے کے بعد بیٹ کو اپنی خیالی تلوار بنالیتے ہیں، اسے اپنے بازو پر پھیرتے ہیں اور پھر اسے صاف کردیتے ہیں۔






 محمد اصغر کا رقص

پشاور زلمی کے نوجوان بولر محمد اصغر کا رقص بھی کافی مقبول ہورہا ہے۔ وہ وکٹ لینے کے بعد مخصوص انداز میں رقص کرکے خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔

 آفریدی کا روایتی انداز

پاکستان سپر لیگ میں شاہد خان آفریدی اس بار پشاور کے بجائے کراچی کنگز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ شاہد آفریدی کے جشن منانے کے انداز سے تو سب ہی واقف ہیں۔

آفریدی وکٹ لینے یا کوئی کیچ کرنے کے بعد روایتی انداز میں اپنے دونوں ہاتھ فضا میں بلند کرتے ہیں اور دائیں اور بائیں جانب تماشائیوں کو دیکھتے ہیں جس کے بعد ایک کے بعد ایک کھلاڑی ان سے بغل گیر ہوتا ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں ابھی کافی میچز باقی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اس طرح اور بھی دلچسپ لمحات دیکھنے کو ملیں گے۔