Geo News
Geo News

Time 02 مارچ ، 2018
انٹرٹینمنٹ

پاکستانی فنکاروں پر پابندی، عاطف اسلم کا بھارتی فلم میں اپنے گانے کی تشہیر سے انکار

— فوٹو:فائل

معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے بھارتی فلموں میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے بعد بالی وڈ فلم کے لیے گائے ہوئے گیت کی تشہیر سے مبینہ طور پر انکار  کردیا جس کے بعد بھارتی فلمساز بھی پریشان ہیں۔

عاطف اسلم پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں اپنی سریلی آواز سے مداحوں کو محظوظ کررہے ہیں اور کئی پاکستانی و بھارتی فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔

پاکستانی گلوکار کے گائے ہوئے گیت نامور بالی وڈ اداکاروں پر فلمائے گئے ہیں جن میں سلمان خان، اکشے کمار بھی شامل ہیں۔

حال ہی میں سلمان خان کی جانب سے فلم ’ویلکم ٹو نیویارک‘ سے بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ کا گانا نکلوا کر راحت فتح علی خان کی آواز شامل کرنے کے بعد پاکستانی گلوکاروں کے خلاف انتہا پسند ہندوؤں نے محاذ کھول رکھا ہے۔

بھارتی انتہاپسندوں کے دباؤ کے بعد پاکستانی اداکاروں اور ٹیکنیشنز کے پورے بھارت میں فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے پر پابندی لگادی گئی ہے جس کے بعد عاطف اسلم نے بھی مبینہ طور پر بھارتی فلم کے لیے گائے ہوئے گیت کی تشہیر سے انکار کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عاطف اسلم نے فلم ’داس دیو‘ کے لیے گیت ’سہمی ہے دھڑکن‘ گایا ہے لیکن فلم کے پروڈیوسر سنجیو کمار کی متعدد درخواستوں کے باوجود وہ اس گانے کی تشہیر میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔

فلم کے پروڈیوسر سنجیو کمار نے کہا ہے کہ عاطف اسلم گیت کی تشہیر سے پیچھے ہٹ رہے ہیں اور انہیں اس کی وجہ معلوم نہیں ہے۔

سنجیو کمار کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ’’عاطف نے کہا تھا کہ وہ گانے کی تشہیر کریں گے لیکن انہوں نے اب تک ایسا نہیں کیا ہے، میں یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ وہ تشہیری مہم میں کیوں حصہ نہیں لے رہے تاہم بحیثیت پروڈیوسر میں یہ دیکھ رہا ہوں کہ ایک وعدہ کیا گیا تھا جسے اب تک پورا نہیں کیا گیا‘‘۔

انہوں نے کہا کہ عاطف اسلم کے سوشل میڈیا پر 20 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، اگر وہ اس گیت کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں تو گیت کے ساتھ ساتھ فلم کو بھی اچھا ردعمل مل سکتا ہے۔

اس حوالے سے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

یاد رہے کہ فلم ’داس دیو‘ 23 مارچ کو نمائش کے لیے پیش کی جانی ہے۔ 

مزید خبریں :