سنی لیون جڑواں بچوں کی ماں بن گئیں

— فوٹو: ٹوئٹر اکاؤنٹ

بالی وڈ کی بے باک اداکارہ سنی لیون کے ہاں سروگیسی عمل یعنی کرائے کی کوکھ کے ذریعے جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

سنی لیون نے فلمی کیریئر میں متعدد فلموں میں کام کیا ہے لیکن وہ فلم نگری میں اپنی شناخت بولڈ مناظر کی عکس بندی کے حوالے سے ہی بناسکی ہیں۔

اداکارہ اور ان کے شوہر ڈینئل ویبر نے گزشتہ سال 21 ماہ کی ایک بچی کو گود لیا تھا جس کا نام نشاکور ویبر رکھا تھا لیکن اب اداکارہ کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

سنی لیون نے انسٹاگرام پر مداحوں کو جڑواں بچوں کی پیدائش کی خوشخبری دی اور بتایا کہ انہوں نے بچوں کے نام عاشر سنگھ اور نوح سنگھ رکھے ہیں۔


اداکارہ نے شوہر ڈینیل ویبر، لے پالک بیٹی نشا کور ویبر اور دونوں جڑواں بچوں کی تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں 21 جون 2017 کو پتہ چلا کہ وہ بہت جلد 3 بچوں کے والدین بن جائیں گے اور اب ہمارا خاندان نشا کور ویبر، عاشر سنگھ اور نوح سنگھ کے ساتھ مکمل ہوگیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ جڑواں بچے کچھ دن قبل دنیا میں آئے لیکن ہمارے دلوں اور آنکھوں میں کئی سالوں سے بسے ہوئے تھے۔

اداکارہ کے ہاں بچوں کی پیدائش کا عمل سروگیسی (کرائے کی کوکھ) کے ذریعے ہوا ہے جس کی تصدیق خود انہوں نے ٹوئٹر پر کی ہے۔

یاد رہے کہ سنی لیون سرگیسی عمل کے ذریعے ماں بننے والی پہلی اداکارہ نہیں ہیں جب کہ ان سے قبل شاہ رخ خان، تشار کپور سمیت کئی اداکار اسی عمل سے باپ بنے ہیں۔

مزید خبریں :