08 مارچ ، 2018
دبئی: پاکستان سپر لیگ کے اٹھارویں میچ میں وکٹ کیپر لیوک رونکی کی تیز ترین نصف سنچری کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور قلندرز کی ٹورنامنٹ میں یہ مسلسل چھٹی شکست تھی جبکہ اس کے اگلے مرحلے تک پہنچنے کے امکانات تقریباً ختم ہوگئے ہیں۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد کی پہلی وکٹ جے پی ڈومنی کی صورت میں گری جو سنیل نارائن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
تاہم دوسرے اینڈ سے لیوک رونکی نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری اسکور کرڈالی۔
لیوک رونکی کے ساتھ 87 رنز کی شاندار شراکت قائم کرنے کے بعد شاداب خان 32 رنز بناکر عمران خان جونیئر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
لیوک رونکی 77 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سنیل نارائن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے تاہم اپنی ٹیم کو وننگ پوزیشن پر پہنچادیا۔
بعدازاں کپتان مصباح الحق اور صاحبزادہ فرحان اننگز کے اختتام تک ناقابل شکست رہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو 18ویں اوور میں فتح سے ہمکنار کروایا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے سنیل نارائن نے تین جبکہ عمران خان جونیئر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل اوپنر اینٹن ڈیوچچ اور کپتان برینڈن میکلم کی بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 163 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کا آغاز شاندار تھا۔ اوپنرز فخر زمان اور ڈیو ڈیوچچ نے ٹیم کو 56 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔
پہلی وکٹ فخر زمان کی صورت میں گری جو جے پی ڈومنی کی گیند پر لیوک رونچی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز آغا سلمان تھے شاداب خان کی گیند پر صاحبزادہ فرحان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
لاہور کے مڈل آرڈر نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے شاندار آغاز سے فائدہ نہ اٹھایا۔ آغا سلمان 8 اور دنیش رامدین 9 رنز بناکر پویلین روانہ ہوگئے۔
اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز اینٹن ڈیوچچ تھے جو 42 گیندوں پر 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد فہیم اشرف کی گیند کا شکار بنے۔
رامدین کی سست رفتار بیٹنگ نے لاہور کی اننگز کی تسلسل کو خراب کی تاہم اختتامی اوورز میں برینڈن میکلم کی جارحانہ بلے بازی نے لاہور کو قابل دفاع ہدف تک پہنچا دیا۔
میکلم نے 12 گیندوں 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس کے دوران انہوں نے 3 چھکے اور دو چوکے لگائے۔
اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے تین جبکہ محمد سمیع، شاداب خان اور جے پی ڈومنی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
شاندار اننگز کھیلنے پر لیوک رونکی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا
لاہور قلندرز کی ٹورنامنٹ میں یہ مسلسل چھٹی شکست تھی جبکہ اس کے اگلے مرحلے تک پہنچنے کے امکانات تقریباً ختم ہوگئے ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے 6 میچوں میں 8 پوائںٹس ہوگئے اور اب یہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔