08 مارچ ، 2018
لاہور: امام کعبہ شیخ صالح بن محمد بن ابراہیم آلِ طالب نے کہا ہے کہ اسلام برداشت اورمحبت کا دین ہے، شدت پسندی کے اس دور میں دنیا کے سامنے اسلام کا اصل چہرہ پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
لاہور میں امام کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب نے آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ دین اسلام کو دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ حج میں فساد پیدا کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے، عبادات کی آڑمیں کسی کو شرپسندی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، حرمین شریفین کے دفاع کیلئے حکومت اور پاکستانی عوام کاعزم مثالی ہے۔
امام کعبہ نے کہا کہ اسلام کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کی سازش کی جارہی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو دہشتگردی کا سامنا ہے، عراق، شام، فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
امام کعبہ نے کہا کہ شاہ سلمان کےحکم پر پاکستان آیا ہوں، ان کی طرف سے آپ سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔
قبل ازیں تین روزہ دورہ پاکستان پر لاہور میں موجود امام کعبہ نے مصروف دن گزارا جہاں جماعت اہلحدیث کی جانب سے امام کعبہ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کے لیے خصوصی نشست کا بھی اہتمام کیا، جس میں ہندو، سکھ اور مسیحی برادری کے نمائندے بھی شریک تھے۔
امام کعبہ نے ان سے فرداً فرداً ان کی نشتوں پر جا کر ملاقات کی۔ اپنی گفتگو میں امام کعبہ شیخ صالح بن محمد بن ابراہیم آل طالب نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب سب سے زیادہ دہشت گردی کاشکار ہیں۔
امام کعبہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں اتحاد سے کام لینا چاہیے،عدم برداشت کے رویے کی مذمت کرتے ہیں۔
امام کعبہ نے راوی روڈ پر مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر ساجد میر سے بھی وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر بھی شریک ہوئے۔