نواز شریف نے پیسہ چرایا اور مریم کے نام پر منی لانڈرنگ کر کے باہر بھجوایا، عمران خان


چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے پیسہ چرایا اور اپنی بیٹی کے نام پر منی لانڈرنگ کر کے باہر بھجوایا۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی سے کبھی اتحاد نہیں ہو سکتا اور کوشش ہے کہ چئیرمین سیینٹ بلوچستان سے ہو۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نے خود پولیس کا نظام تباہ کیا جبکہ خیبر پختونخوا کی پولیس مثالی بن چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سڑکیں اور پل ہماری اولین ترجیح نہیں ہے بلکہ تعلیم اور صحت کے شعبے کو ترجیح دیں گے اور غربت ختم کرنے کے لیے اسپیشل پالیسیاں بنائیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کو اپنا رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ لبرل ذہن ہمیشہ آزادی چاہتا ہے اور غلامی نہیں کرنا چاہتا، ہمارا پارٹی منشور تیار ہو رہا ہے جو انقلابی منشور ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے اور اس حوالے سے پہلے ہی سپریم کورٹ میں مقدمہ کر رکھا ہے، امید ہے جلد انصاف ملے گا۔

عمران خان نے (ن) لیگ کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کا اپنا کوئی ذریعہ آمدن نہیں لیکن وہ مےفیئرز فلیٹس کی مالک ہیں، یہ پیسہ نواز شریف نے چرایا اور بیٹی کے نام پر منی لانڈرنگ کر کے باہر بھجوایا۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن، چوری کے پیسے سے خریدی گئی جائیدادیں بچانے کے لیے مریم نواز نے جھوٹ بولے۔

مزید خبریں :