10 مارچ ، 2018
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینیٹ کے چیئرمین کے لیے بلوچستان کے سینیٹر کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ چیئر مین سینیٹ بلوچستان سے ہو اور اس حوالے سے تحریک انصاف بلوچستان کے سینیٹر کی مکمل حمایت کرے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ منتخب ہو جاتا ہے تو یہ بہت بڑی کامیابی ہو گی کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کو اپنے ساتھ ہونے والی احساس محرومی کا اندازہ ہے اور اگر چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے آ جاتا ہے تو یہ اچھا اقدام ہو گا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے سینیٹر منتخب کروانے کے لیے سب سے پہلے آواز بلند کرنے پر عمران خان اور تحریک انصاف کے شکر گزار ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے بھی گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ان کی جماعت بلوچستان کے لیے قربانی دینے پر راضی ہے جو ایک اچھی چیز ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے چیئرمین سینیٹ کے لیے دو ناموں کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انوارالحق کاکڑ اور صادق سنجرانی ہمارے امیدوار ہیں اور جلد کسی ایک نام پر اتفاق کر لیا جائے گا۔