Time 10 مارچ ، 2018
کھیل

نجم سیٹھی پی ایس ایل کے فری ٹکٹ مانگنے والوں سے پریشان

— فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی پاکستان سپر لیگ کے پاکستان میں ہونے والے میچوں کے فری ٹکٹ مانگنے والوں سے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ دو پلے آف میچ لاہور میں جب کہ فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا جن کے ٹکٹوں کا حصول اس وقت پورے ملک میں زیربحث ہے۔ 

تینوں میچوں کے ٹکٹ کی کم از کم قیمت ایک ہزار اور زیادہ سے زیادہ 12 ہزار رکھی گئی ہے۔

جہاں ہزاروں لوگ ٹکٹ ملنے کی تاریخ کا انتظار کر رہے ہیں وہیں ایسے لوگوں کی کمی بھی نہیں ہے جو فری پاسز کے حصول کی جدوجہد میں مصروف ہیں اور لگتا ہے کہ نجم سیٹھی اس صورتحال سے پریشان ہیں۔ 

نجم سیٹھی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں فری ٹکٹ مانگنے والوں سے ٹکٹ خرید کر میچ دیکھنے کی درخواست کی ہے۔

نجم سیٹھی نے لکھا کہ ’فیملی، دوستوں، سرکاری افسران، مشہور شخصیات اور وی آئی پیز سمیت سب سے درخواست ہے کہ وہ آن لائن یا کراچی اور لاہور کے ٹی سی ایس سینٹرز سے ٹکٹ خریدیں۔۔۔مجھے فری پاسز کا نہ کہیں، آپ سب ٹکٹ خریدنے کی سکت رکھتے ہیں، شکریہ!‘


مزید خبریں :