12 مارچ ، 2018
بالی وڈ اسٹار سلمان خان اجازت کے بغیر فلم کا نام استعمال کرنے پر کنگنا رناوت اور فلمساز ایکتا کپور سے ناراض ہوگئے۔
سلمان خان نے 2017 میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کے لیے پہلے ’مینٹل‘ نام کی رجسٹریشن حاصل کر رکھی تھی لیکن انہوں نے بعد میں فلم کا نام ’ٹیوب لائٹ‘ استعمال کیا۔
اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنی فلم کا نام ’مینٹل‘ تجویز کیا تھا جس کے لیے انہوں نے فلم ایسوسی ایشن سے اجازت کے لیے درخواست دی تو انہیں علم ہوا کہ یہ نام سلمان خان فلمز کے نام پر رجسٹرڈ ہے جس پر انہیں سلو میاں سے رابطہ کرنے کا کہا گیا۔
اداکارہ نے ابتداء میں فلم کے نام کے لیے سلمان خان سے مدد لینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب انہوں نے سلو میاں کی اجازت کے بغیر ہی نام استعمال کرکے ان کی ناراضی مول لے لی ہے۔
اداکارہ کنگنا رناوت اور فلمساز ایکتا کپور نے فلم کے نام ’مینٹل‘ کی اجازت لینے کے بجائے نام کا استعمال شروع کردیا ہے اور فلم کے کئی تشہیری پوسٹر بھی جاری کیے ہیں جس نے سلو میاں کو آگ بگولہ کردیا ہے۔
سلمان خان کی ناراضی کسی بھی اداکار و اداکارہ حتیٰ کے فلمساز کے لیے بھی نیک شگون نہیں ہے کیوں کہ انہیں ناراض کرنے والے کئی فنکاروں کا کیریئر زوال کا شکار ہوا ہے۔
اس معاملے کی تصدیق سلمان خان کے بھائی سہیل خان نے بھی کردی ہے۔ صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے ایکتا کپور کو یہ ٹائٹل استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی ہے اور نہ ہی اس حوالے سے انہوں نے ہم سے پوچھا ہے۔
ایکتا کپور کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’مینٹل ہے کیا‘ میں کنگنا رناوت اور راج کمار راؤ مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔