Time 16 مارچ ، 2018
کھیل

اسلام آباد کی پی ایس ایل 3 میں مسلسل چھٹی فتح، کوئٹہ کو شکست


شارجہ: اوپنر جے پی ڈومنی کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان سپر لیگ کے 28ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست اسلام آباد یونائیٹڈ کی یہ پی ایل ایل تھری میں مسلسل چھٹی فتح تھی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے 148 رنز ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کے بلے باز اننگز کے آغاز سے میچ پر حاوی رہے۔

 اسلام آباد کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز لیوک رونکی تھے جو 10 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز ایلکس ہیلز تھے جو 16 رنز بناکر میر حمزہ کی گیند کا نشانہ بنے جبکہ شاداب خان شین واٹسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔










54 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد جے پی دومنی راحت علی کی گیند پر حسان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔










ڈومنی کے آؤٹ ہونے کے باوجود اسلام آباد کی جانب سے رنز بننے کا سلسلہ جاری رہا۔ حسین طلعت 28 جبکہ آصف علی 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ کی جانب سے راحت علی نے دو جبکہ میر حمزہ اور شین واٹسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


اس سے قبل شاندار گیند بازی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ کو 147 رنز تک محدود کردیا۔

شین واٹسن کوئٹہ کے لیے اوپن کرنے آئے تاہم 8 رنز بناکر سمیت پیٹل کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین جیسن روئے تھے جو عماد بٹ کی گیند پر 17 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

کیون پیٹرسن بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور فہیم اشرف کی گیند پر 7 رنز بناکر کیپر لیوک رونکی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔










اس کے بعد سرفراز احمد اور عمر امین کے درمیان 61 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم 28 رنز بناکر عمر امین عماد بٹ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

سرفراز احمد بھی 43 رنز بناکر حسین طلعت کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئٹہ کی اننگز بکھر گئی۔

آگے آنے والے بلے باز انور علی اور محمد نواز بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور بالترتیب 2 اور ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے تین، عماد بٹ نے دو جبکہ حسین طلعت اور سمیت پٹیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹورنامنٹ میں مسلسل چھٹی فتح تھی اور یہ پوائنٹس ٹیبل پر 14 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

شاندار اننگز کھیلنے پر جے پی ڈومنی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جمعے کو پشاور زلمی اور لاہور قلندرز جبکہ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچز کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں :