پی ایس ایل پلے آف: کون سے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار؟

دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ایڈیشن 3 دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور شائقین کرکٹ کو انتظار ہے کہ کب ٹیمیں پلے آف میچز کھیلنے کے لیے پاکستان آئیں گی۔

پی ایس ایل 3 کے دو پلے آف میچز 20 اور 21 مارچ کو لاہور میں کھیلے جائیں گے جب کہ فائنل مقابلہ 25 مارچ کراچی میں ہوگا جس کے لیے سیکیورٹی انتظامات جاری ہیں۔

پی ایس ایل 3 کے پلے آف میچز پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے مابین کھیلے جائیں گے۔

پاکستان میں پی ایس ایل کے پلے آف میچز کھلینے کے لیے یوں تو متعدد بین الاقوامی کھلاڑیوں نے رضامندی کا اظہار کیا ہے لیکن کچھ کھلاڑیوں کی جانب سے انکار کا بھی سامنا ہے۔

پشاور زلمی:

پشاور زلمی کی ٹیم گذشتہ برس کی طرح اس دفعہ بھی اپنے تمام بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے پلے آف میچز کھیلے گی جس کی یقین دہانی ٹیم کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ٹوئٹر پر بھی کردی ہے۔


واضح رہے کہ پشاور زلمی پی ایس ایل 2 کی فاتح ٹیم ہے۔

کراچی کنگز:

کراچی کنگز کے ترجمان نے جیو نیوز کو آگاہ کیا کہ ٹیم کے 5 غیر ملکی کھلاڑی پاکستان کا دورہ کریں گے جن میں جوئے ڈینلی، ٹائمل ملز، کولن انگرام، لنڈل سیمنز اور ڈیوڈ ویسی شامل ہیں جبکہ روی بھوپارہ پہلے ہی پاکستان آنے کے بارے میں بتا چکے ہیں۔

تاہم ٹیم کے صرف ایک غیر ملکی کھلاڑی انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے پاکستان آنے سے انکار کیا اور اہلخانہ کو انکار کی وجہ قرار دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ:

فی الحال اسلام آباد یونائیٹڈ کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب سے کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی تاہم ٹیم ذرائع کے مطابق 5 غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا اعلان ہفتے کو سیکورٹی ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے 5 انٹرنیشنل کھلاڑیوں سامت پٹیل، جے پی ڈمنی، لیوک رونکی، چیڈوک والٹن اور سامل بدری نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان آکر کھیلنا چاہیں گے۔

دوسری جانب ٹیم کو امید ہے کہ انگلینڈ کے سام بلنگ اور اسٹیون فن بھی مثبت جواب دیں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز:

گزشتہ برس کی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک دفعہ پھر غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آکر نا کھیلنے کا خدشہ ہے کیونکہ ٹیم کے متعدد غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے، جن میں انگلینڈ کے بلے باز جیسن رائے سمیت کیون پیٹرسن، آسٹریلین کھلاڑی شین واٹسن اور بین لافلین شامل ہیں۔

دوسری جانب امید کی جارہی ہے کہ بنگلہ دیش کے کھلاڑی محمود اللہ اپنے قومی میچز 18 مارچ کو کھیلنے کے بعد پلے آف کے لیے پاکستان آئیں گے جب کہ کوئٹہ نے پلے آف میچز کے لیے سری لنکا کے کھلاڑی تھیسارا پریرا سے بھی رابطہ کیا ہے۔

علاوہ ازیں ممکن ہے کہ اسٹار ریلی روسو اور کرس گرین بھی پاکستان آئیں گے۔

مزید خبریں :