28 مارچ ، 2018
پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر پاکستانی ثقافت کے رنگوں اور یہاں کے رہن سہن سے بہت متاثر ہیں، جس کا اظہار وہ اکثر و بیشتر سوشل میڈیا پر بھی کرتے نظر آتے ہیں۔
مارٹن کوبلر کو پاکستان کی قومی زبان پر بھی عبور حاصل ہے اور وہ اکثر اردو میں اپنے ٹوئٹر پیغامات کے ذریعے پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے پاکستان کی چند محنتی خواتین سے ملاقات کی اور اس موقع پر سلائی مشین چلا کر ان خواتین کو سراہا، جس کا برملا اظہار انہوں نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں ویڈیو شیئر کرکے کیا۔
انہوں نے لکھا، 'پاکستانی خواتین نے مجھے سلائی مشین چلانا سکھائی، یہ تجربہ زبردست رہا! میں خواتین کی روزانہ کی محنت اور باقاعدہ کام سے متاثر ہوں'۔
جرمن سفیر مارٹن کوبلر خواتین کو خود مختار بنانے کے حوالے سے سرگرمیوں کو قابل ستائش قرار دیتے ہیں اور اکثر و بیشتر خود بھی اُن جگہوں کا دورہ کرتے ہیں جہاں خواتین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔
اس کے علاوہ وہ پاکستان میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے بھی کوشاں ہیں اور جرمن سفارتخانے کے اشتراک سے مشعال اسکول میں بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے اقدامات کی بھی حمایت کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
23 مارچ کو 'یوم پاکستان' پر مارٹن کوبلر نے قومی ترانہ سیکھنے اور پھر اسے قوم کے ساتھ مل کر پڑھنے کا بھی اظہار کیا اور اپنی ایک ٹوئیٹ میں پاکستان کا قومی ترانہ پوسٹ کیا۔
مارٹن کوبلر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بھی فین نکلے اور رواں سیزن میں انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سپورٹ کیا جبکہ ایونٹ میں جیت پر اپنی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا، 'یہ ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے'۔
ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی آئندہ پی ایس ایل میچز پاکستان میں ہی ہوں۔
اس کے علاوہ بھی وہ سڑکوں پر گھومتے پھرتے پاکستان کی روزمرہ زندگی کا احوال اپنے الفاظ میں دنیا کو بتاتے رہتے ہیں۔