01 اپریل ، 2018
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے ملک بھر میں جیو نیوز اور جیو کے دیگر چینلز کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جیو کے چینلز کی بندش کے لیے پیمرا اور وزارت اطلاعات نے کوئی ہدایت نہیں دی۔
ان کا کہنا تھا کہ چینلز کی بندش کی اطلاع وزیراعظم تک پہنچ چکی ہے اور پیر کے روز اس سلسلے میں اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ چیزیں ٹھیک نہ ہوئیں تو اگلے انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگ جائے گا۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کئی قسم کے بیرونی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے، ایسے میں نئے تنازعات کا جنم دینا اور جیو کے ہزاروں ملازمین کے مستقبل سے کھیلنا مناسب نہیں۔