Time 03 اپریل ، 2018
کاروبار

سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر 70 ہزار پاکستانیوں کو ملازمتیں مل چکی ہیں، چینی سفیر

پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے یکم اپریل 2018 سے نئی ویزہ پالیسی متعارف کرادی ہے، چینی سفیر — فوٹو: ڈپلومیٹک نیوز ایجنسی

پاکستان میں چینی سفیر یاہو جنگ کا کہنا ہے کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جاری منصوبوں پر 70 ہزار پاکستانیوں کو ملازمتیں مل چکی ہیں اور مستقبل میں 7 لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتیں ملیں گی۔

پاکستان میں چینی سفیر یاہو جنگ کا ’بریک فاسٹ ود جنگ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سی پیک میں 50 سے 60 ارب ڈالر کی لاگت سے 43 منصوبے شامل ہیں جن میں سے 8 منصوبے مکمل کرلیے گئے ہیں اور 14 پر کام جاری ہے جب کہ 20 منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت گوادر پورٹ، انفراسٹرکچر، توانائی اور خصوصی اقتصادی زون پر کام جاری ہے۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر 70 ہزار پاکستانیوں کو ملازمتیں مل چکی ہیں اور مستقبل میں 7 لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتیں ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی صعنت کاروں کے خدشات سے آگاہ ہیں اور پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے یکم اپریل 2018 سے نئی ویزہ پالیسی متعارف کرادی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آزادانہ تجارتی معاہدہ تجارتی ناہمواریوں کو ختم کرے گا جس کے تحت چین پاکستان کو اپنی مارکیٹ کے 90 فیصد شئیرز تک رسائی دے رہا ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے باعث جی ڈی پی 4 سے 5 فیصد تک برقرار رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چین رواں سال نومبر میں ای کامرس کے فروغ کے لیے پہلی "عالمی ای پورٹ" کانفرس کا انقعاد کر رہا ہے جس کے لیے پاکستان کو بھی دعوت دی گئی ہے۔

مزید خبریں :