07 اپریل ، 2018
کراچی: کے الیکٹرک کی جانب سے گیس کی کمی کا بہانہ بنا کر بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا اور دن میں 3 سے 4 بار بجلی کی فراہمی معطل رہنا معمول بن گیا ہے جب کہ کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی بند کی جارہی ہے ۔
کراچی میں لوڈشیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں ملیر، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، لیاقت آباد، گلستان جوہر کے مختلف بلاکس،نارتھ کراچی اور گلشن اقبال بھی شامل ہیں۔
گرمی کی آمد سے قبل ہی طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
شہریوں نے بدترین لوڈشیڈنگ پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ پورا دن بجلی غائب رہتی ہے اور کے الیکٹرک جانب سے 20 سے 50 ہزار تک کے بل بھیجے جاتے ہیں جو بھرنا انتہائی مشکل ہے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک گیس کی کمی کا بہانہ بناکر لوڈشیڈنگ کا جواز پیش کررہی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ کے الیکٹرک کو ملنے والی گیس سپلائی میں کوئی بہتری نہیں ہوئی، 100 ایم ایم سی ایف ڈی گیس شارٹ فال کے باعث پلانٹس متاثر ہیں جس کے باعث مجبوراً اضافی لوڈشیڈنگ کرنا پڑرہی ہے۔
ادھر ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی طلب 17ہزار 25میگاواٹ اور دستیاب بجلی 16 ہزار میگاواٹ ہے جس کے باعث بجلی کا شارٹ فال 1025 میگاواٹ ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق 10 فیصد تک نقصان والے فیڈرز پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور جہاں نقصانات 10 فیصد سے زائد ہیں وہاں شیڈول کےمطابق لوڈشیڈنگ جارہی ہے۔