Time 07 اپریل ، 2018
انٹرٹینمنٹ

کپل نے نئے شو کی ناکامی کی خبر لگانے پر صحافی کو گالیاں سنادیں

کپل شرما کی صحافی گالیاں دینے کی ریکارڈنگ بھی وائرل ہوگئی: فوٹو/ فائل

بھارتی کامیڈین کپل شرما نئے شو ’فیملی ٹائم ود کپل‘ کی ناکامی کی خبر لگانے پر صحافی کو فون کرکے دھمکیاں دیں اور مغلظات بکیں۔

کپل شرما نے ’دی کپل شرما شو‘ کے بند ہونے کے بعد فلم ’فرنگی‘ بنائی جو باکس آفس پر بزنس کرنے میں ناکام ہوگئی تھی۔

فلم کی ناکامی کے بعد کامیڈین نے نئے شو’فیملی ٹائم ود کپل‘ سے چھوٹی اسکرین پر انٹری دی لیکن اس شو سے وہ لوگوں کو متاثر کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں جس کے بعد سے شو کے بھی بند ہونے کی خبریں سامنے آنے لگی ہیں۔

نئے شو سے متعلق خبریں لگانے پر کپل شرما کو ناکامی کے ڈر نے گھیر لیا ہے جس کا غصہ انہوں نے بھارتی صحافی پر اتار دیا۔

کامیڈین نے بھارتی صحافی وکی لال وانی کو فون کرکے نا صرف مغلظات بکیں بلکہ انہیں دھمکیاں بھی دیں۔

کپل شرما نے ٹوئٹر پر بھی صحافی کو مغلظات سے بھری ٹوئٹس کیں اور پھر اکاؤنٹ ہیک کرنے کا بہانا کیا تاہم اب انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ میں نے جو بھی لکھا تھا دل سے لکھا تھا لیکن میں اس بکاؤ رپورٹر سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔

کپل شرما کی جانب سے صحافی کو دھمکیوں اور مغلظات بکنے والی کال ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس کے بعد کپل کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

ٹوئٹر صارفین کا کہنا ہے کہ کپل شرما ’اسٹار ڈم‘ کھوچکے ہیں اور ان کا کیریئر زوال کا شکار ہوگیا ہے۔

دوسری جانب کپل شرما نے صحافی اور ’دی کپل شرما شو‘ کی کریٹو ڈائریکٹر پریتی سائموز کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست بھی جمع کرادی ہے۔

یاد رہے کہ کپل شرما آسٹریلیا سے ممبئی واپسی پر دوران پرواز سنیل گروور سے الجھ پڑے تھے جس کے بعد کئی فنکاروں نے شو کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

مزید خبریں :