مقبوضہ کشمیر میں آصفہ کا زیادتی کے بعد قتل: بالی وڈ اسٹارز بھی خاموش نہ رہ سکے

بالی وڈ اداکاروں نے آصفہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو بدترین شیطانیت قرار دیے دیا۔ فوٹو: فائل 

مقبوضہ کشمیر میں 8 سالہ بچی کو بے حرمتی کے بعد قتل کرنے کے واقعے نے سیاسی و سماجی شخصیات سمیت بالی وڈ سپر اسٹار کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔

عامر خان، شاہ رخ خان، پریانکا چوپڑا، انوشکا شرما اور سنجے دت نے آصفہ کے قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

پریانکا چوپڑا نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آصفہ کی طرح اور کتنے بچے مذہب اور سیاست کے نام پر قربان کیے جائیں گے؟

بالی وڈ اداکارہ نے مزید لکھا کہ ہمارے جاگنے سے پہلے اور کتنے بچوں کو اس قسم کے ناقابل یقین جرائم کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بہت شرمندہ ہوں اور یہ وقت سخت ایکشن لینے کا ہے اور ہم آصفہ اور انسانیت کے مقروض ہیں۔

بالی وڈ سپر اسٹار سجنے دت نے کہا کہ بطور معاشرہ ہم ناکام ہو چکے ہیں اور 8 سالہ بچی کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا اس پر بطور ایک والد میں غصے سے بھرا ہوا ہوں۔

سنجے دت نے کہا کہ میری ہمدردیاں آصفہ کے خاندان کے ساتھ ہیں اور میں یہ قبول کرنے کے لیے بالکل بھی تیار نہیں ہوں کہ واقعی ہم نے یہ سب ہونے کی اجازت دی لیکن اب انصاف ہونا چاہیے۔

انوشکا شرما نے اپنے پیغام میں کہا کہ آصفہ کی بے حرمتی اور قتل شیطانیت کی بد ترین مثال ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ جہاں ہم رہ رہے ہیں وہاں کیا ہو رہا ہے، جو لوگ اس واقعے میں ملوث ہیں انہیں سخت ترین سزا ملنی چاہیے۔

انوشکا نے کہا کہ اس واقعے نے مجھے ہلا کر رکھ دیا ہے اور ایک انسان ہونے کے ناطے ہم کہاں جا رہے ہیں؟

بھارتی فلم انڈسٹری کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا کہ آصفہ کی بے حرمتی اور قتل پر میرا دل رو رہا ہے اور یہ واقعہ انسانیت کی توہین ہے۔

بالی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ آصفہ کی بے حرمتی اور قتل پر انصاف میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

مزید خبریں :