Time 19 اپریل ، 2018
پاکستان

چیف جسٹس کا تمام صوبوں میں استحقاق نہ رکھنے والوں سے سیکیورٹی واپس لینے کا حکم

پشاور : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے تمام صوبوں میں استحقاق نہ رکھنے والوں کی سیکیورٹی فوری طور پر واپس لینے کے احکامات جاری کردیے۔

چیف جسٹس پاکستان نے سندھ، پنجاب، بلوچستان اور اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ 24 گھنٹے کے اندر ایسے افراد سے سیکیورٹی واپس لیں جو اس کے مجاذ نہیں ہیں۔

قبل ازیں سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں مختلف کیسز کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے آئی جی خیبرپختونخوا کو بھی غیر متعلقہ افراد سے سیکیورٹی واپس لینےکا حکم دیا۔

دورانِ سماعت آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین خان محسود عدالت میں پیش ہوئے تو چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ آپ کا نام آئی جی صلاح الدین خان ہے؟ آپ کی بہت تعریف سنی ہے، دہشت گردی میں آپ کا بہت نقصان ہوا ہے۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے آئی جی خیبرپختونخوا سے پوچھا کہ غیر متعلقہ لوگوں کے پاس کتنی پولیس فورس سیکیورٹی کے نام پرہے؟

آئی جی نے بتایا کہ 3 ہزار کے قریب اہلکار سیکیورٹی پر موجود ہیں۔

چیف جسٹس نے آئی جی خیبرپختونخوا کو غیر متعلقہ افراد سے رات تک سیکیورٹی واپس لینے کا حکم دیا۔

اس پر آئی جی صلاح الدین نے عدالت کو رات تک غیر متعلقہ افراد سے سیکیورٹی واپس لینے کی یقین دہانی کرادی۔

مزید خبریں :