میشا شفیع نے گلوکارعلی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگا دیا

نامور پاکستانی اداکارہ و گلوکارہ میشا شفیع نے گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

میشا شفیع نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ساتھی گلوکار علی ظفر نے انہیں ایک سے زائد مرتبہ جنسی ہراساں کیا اور اس قسم کے واقعات اس وقت پیش نہیں آئے جب وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں داخل ہوئی تھیں۔

میشا شفیع نے کہا کہ بااختیار اور اپنے خیالات رکھنے کے باوجود ان کے ساتھ اس طرح کا واقعہ پیش آیا، اگر ان کے ساتھ ایسا ہوا ہے تو کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔

گلوکارہ نے مزید کہا کہ کوئی خاتون جنسی ہراسانی سے محفوظ نہیں ہے، ہم اپنے معاشرے میں اس پر بولنے سے ہچکچاتے ہیں اور خاموشی کی راہ لیتے ہیں، ہمیں اجتماعی طور پر اپنی آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ خاموشی کے کلچر کو توڑا جاسکے۔

میشا شفیع نے کہا کہ جنسی ہراسانی پر بات کرنا آسان نہیں لیکن اس پر خاموش رہنا بھی بہت مشکل ہے، میں خاموش رہنے کے کلچر کو توڑوں گی جو معاشرے میں سرائیت کرچکا ہے۔

میشا شفیع کا کہنا تھا میرا ضمیر اب مجھے مزید خاموش رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔

علی ظفر کا مؤقف

گلوکار و اداکار علی ظفر نے گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے ہراساں کرنے کے الزامات کی تردید کر دی ہے۔

علی ظفر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ میں بین الاقوامی سطح پر چلنے والی ’می ٹو‘ مہم سے اچھی طرح واقف ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں ایک جوان بچی اور بچے کا والد ہوں، ایک شوہر اور ایک ماں کا بیٹا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایسا شخص ہوں جو رسوائی اور بے رحمی کے خلاف متعدد بار اپنے، اپنی فیملی، خاندان اور دوستوں کے لیے کھڑا ہوا اور میں آج بھی ایسا ہی کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے پاس چھپانے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے اور خاموشی بالکل بھی ایک آپشن نہیں ہے۔

علی ظفر نے میشا شفیع کی جانب سے عائد کیے گئے جنسی ہراساں کرنے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الزام کا جواب الزام سے نہیں دوں گا بلکہ میشا شفیع کے خلاف عدالت جاؤں گا اور مجھے پورا یقین ہے کہ سچ ہمیشہ غالب ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ میشا شفیع پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا حمید کی صاحبزادی ہیں جنہوں نے ڈرامہ انڈسٹری سے ہی اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور پہلی مرتبہ 2006 میں ڈرامہ 'محبت خواب کی صورت میں' اداکاری کے جوہر دکھائے جس کے بعد  2007 میں وہ جیو نیوز کے ڈرامہ سیریل 'یہ زندگی تو وہ نہیں' میں بھی دکھائی دیں۔

میشا شفیع نے 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم 'ریلکٹنٹ فنڈامنٹلسٹ' سے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور اسی سال انہوں نے بالی وڈ فلم 'بھاگ ملکھا بھاگ' میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جو 2013 کی سب سے مقبول فلم ثابت ہوئی جب کہ وہ پاکستانی فلم 'وار' میں بھی کردار ادا کرچکی ہیں۔

میشا شفیع نے کوک اسٹوڈیو کے سیزن 3 میں معروف گلوکار عارف لوہار کے ساتھ 'جگنی' گا کر گلوکاری میں شہرت پائی، اس سے قبل وہ 'اوور لوڈ' بینڈ کے ساتھ گلوکاری کے میدان میں قسمت آزماتی رہیں لیکن انہیں مقبولیت نہ مل سکی لیکن جب انہوں نے 'جگنی' گائی تو اسے بے حد پسند کیا گیا۔

گلوکارہ میشا نے بھولے بھالے، آیا لڑیے، سُن وے بالوری، لک ہلنا سمیت دیگر گانے بھی گائے اور انہیں بھی بے حد پذیرائی ملی۔

مزید خبریں :