ہنہ جھیل میں پانی آنے سے تفریح کے شوقین افراد اور واٹر اسپورٹس کے کھلاڑیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، سائبیریا سے آبی پرندوں کی آمد بھی شروع
20 اپریل ، 2018
کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواح میں ایک سال قبل خشک ہوجانے والی ہنہ جھیل پانی سے بھر گئی ہے جو تفریح کے شوقین افراد اور واٹر اسپورٹس کےکھلاڑیوں کے لیے یقیناً خوشی کی خبر ہے۔
کوئٹہ شہر سے تقریباً 18 کلومیٹر کی دوری پر واقع تفریحی مقام ہنہ جھیل بارشیں معمول سے کم ہونے اور خشک سالی کے باعث تقریباً ایک سال قبل خشک ہوگئی تھی۔
تاہم رواں ہفتے کے دوران وادی میں بارش کے جاری سلسلے کے بعد دو تین روز قبل ہنہ جھیل میں پانی آنا شروع ہوا اور اس وقت یہ جھیل پانی سے تقریباً بھر گئی ہے۔
جھیل میں پانی آنے سے مچھلیوں کی آمد کا بھی امکان ہے،گذشتہ سال جھیل خشک ہونے سے بڑی تعداد میں جھیل میں پائی جانے والی مچھلیاں مرگئی تھیں۔
دوسری جانب جھیل میں پانی آنے سے سائبیریا سے آنے والے آبی پرندوں کی آمد کا سلسلہ دوبارہ سے شروع ہوگیا جو گذشتہ سال بند ہوگیا تھا۔
ہنہ جھیل میں پانی آنے سے مقامی لوگوں، تفریح کے شوقین افراد اور واٹر اسپورٹس کے کھلاڑیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہنہ جھیل میں پانی آنے سے تفریحی مقام پر مقامی سیاحت کو دوبارہ سے فروغ ملے گا اور اس کا اثر علاقے کے ماحول پر بھی پڑےگا۔
واٹر اسپورٹس کے ایک عہدیدار حیات اللہ درانی کے مطابق ہنہ جھیل خشک ہونے سے واٹر اسپورٹس کا سلسلہ معطل ہوگیا تھا اور خشک جھیل کے باعث گذشتہ سال مارچ اور اپریل میں سالانہ واٹر اسپورٹس کا انعقاد بھی نہیں ہوسکا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پانی آنے سے جھیل میں واٹر اسپورٹس کا سلسلہ بحال ہوجائے گا۔