کراچی کے مشہور ساحلی علاقے دو دریا میں فوڈ اسٹریٹ بند کرنے کی تیاریاں

کراچی کے مشہور زمانہ ساحلی علاقے دو دریا کی فوڈ اسٹریٹ بند ہونے والی ہے اور یہاں پر ممکنہ طور پر بلند رہائشی اور کمرشل عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔

ایک زمانے میں ڈیولز پوائنٹ کہلانے والا یہ ساحلی پوائنٹ کچھ سال پہلے فوڈ اسٹریٹ میں تبدیل ہوگیا تھا اور یہاں کئی معروف ریسٹورنٹس موجود ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کی جانب سے دودریا پر قائم فوڈ اسٹریٹ کے ریسٹورنٹس کو دو ماہ میں کاروبار سمیٹنے کا نوٹس دے دیا گیا ہے جس کہا گیا ہے کہ وہ جون سے قبل ریسٹورنٹس بند کردیں۔

ڈی ایچ اے نے مالکان کو جون سے قبل ریسٹورنٹس خالی کرنے کے نوٹسز جاری کردیے— فوٹو: فائل

ڈی ایچ اے کی جانب سے نوٹس ملنے کے بعد 17 میں سے تین ریسٹورنٹس بند بھی ہوچکے ہیں اور ان کی ملکیت ڈی ایچ اے نے واپس لے لی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ڈی ایچ اے کی جانب سے ریسٹورنٹس مالکان کو زمین لیز پر دی گئی تھی اور دو برس قبل بھی ڈی ایچ اے نے مالکان کو نوٹسز جاری کیے تھے جس کے بعد یہ معاملہ عدالت میں چلا گیا تھا۔

ریسٹورنٹس مالکان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اب بھی عدالت کا حکم امتناع موجود ہے تاہم ڈی ایچ اے نے انہیں جون سے پہلے پہلے ریسٹورنٹس خالی کرنے کا نوٹس دے دیا ہے۔

مالکان کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے میں عدالت سے رجوع کررہے ہیں تاہم ڈی ایچ اے اس بات پر بضد ہے کہ جون سے پہلے ریسٹورنٹس کو خالی کروانا ہے۔

خیال رہے کہ دو دریا کراچی کا مشہور ترین پکنک اور فوڈ پوائنٹ ہے جہاں ملک بھر سے اور بیرون ملک سے آنے والے لوگ بھی ایک بار ضرور آتے ہیں۔

مزید خبریں :