Time 24 اپریل ، 2018
پاکستان

کراچی میں اغواء کی کوشش ناکام، بچہ بازیاب، ملزمان ہلاک

ملزمان نے بچے کو اسکول جاتے ہوئے والد اور ڈرائیور کے ہمراہ خیابان طارق سے اغوا کیا تھا، ایس ایس پی جنوبی — فوٹو؛ جیو نیوز اسکرین گریب۔

کراچی: پولیس نے کراچی کے مشہور تفریحی ساحلی مقام سی ویو کے قریب مقابلے کے دوران دو اغواء کاروں کو ہلاک کرکے پانچ سالہ بچے کو بازیاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شارٹ ٹرم اغواء کی یہ انوکھی واردات سی ویو کے قریب دو دریا پر ہوئی جس کے دوران کالے شیشے والی گاڑی کو پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا جس میں سوار ملزمان نے گاڑی روکنے کے بجائے اس کی رفتار مزید بڑھادی۔

پولیس نے تعاقب کیا تو گاڑی میں سوار ملزمان نے پانچ سالہ شاہویز کو سڑک پر اتارا اور پولیس موبائل پر فائرنگ کردی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ میں گاڑی میں سوار دو ملزمان زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

اسی دوران دو دریا پر ہونے والے مقابلے کے بعد بچے کے والد اور ڈرائیور کے ساتھ دوسری گاڑی میں سوار دیگر ملزمان انہیں گاڑی سے اتار کر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گاڑی سے اغوا کاروں کے موبائل فون اور پستول بھی برآمد ہوئے جب کہ ملزمان سے ملنے والی گاڑی پر بھی کوئی رجسٹرڈ نمبر پلیٹ نہیں تھی لیکن انجن نمبر کی مدد سے حاصل معلومات کے مطابق گاڑی کسی علاقے سے چھینی یا چوری بھی نہیں کی گئی ہے۔

ایس ایس پی جنوبی سرفراز نواز کے مطابق دونوں ملزمان اغواء برائے تاوان میں ملوث تھے جنہوں نے خیابان طارق سے بچے کو اسکول جاتے ہوئے والد اور ڈرائیور سمیت اغواء کیا تھا۔

پولیس کے مطابق  ملزمان نے 15 کروڑ روپے سے تاوان مانگنا شروع کیا اور 70 لاکھ روپے پر معاملہ طے پایا۔

ایس ایس پی جنوبی کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔

مزید خبریں :