27 اپریل ، 2018
وفاقی حکومت نے سالانہ بجٹ 19-2018 میں سگریٹ پر عائد ڈیوٹی میں اضافہ کر دیا ہے۔
آج ہی وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے والے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئندہ مالی سال کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیا جس کا مجموعی جحم 5932 ارب 50 کروڑ روپے ہے۔
وفاقی حکومت نے جہاں بہت سے شعبوں میں نئے ٹیکسز لاگو کیے ہیں وہیں سگریٹ پر عائد ڈیوٹی میں بھی اضافہ کیا۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی موجودہ شرح کو بڑھا کر ٹائر ون سگریٹ پر 3964، ٹائر ٹو سگریٹ پر 1770 اور ٹائر تھری سگریٹ پر 848 روپے کرنے کی تجویز ہے۔
گزشتہ برس کے مقابلے میں حکومت نے رواں برس ایک ہزار ٹائر ون سگریٹوں کی قیمت میں 244 روپے اضافہ کیا ہے جب کہ پچھلے برس ایک ہزار ٹائر ٹو سگریٹ پر 1670 روپے ڈیوٹی تھی جو اب 1770 روپے ہو چکی ہے۔
اسی طرح ایک ہزار ٹائر تھری سگریٹ کی قیمت میں بھی سال 18-2017 کے مقابلے میں 48 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔