Time 29 اپریل ، 2018
پاکستان

عمران خان نے آئندہ انتخابات کے لیے 11 نکات پیش کردیے

لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا جس کے دوران پارٹی چیئرمین عمران خان نے آئندہ انتخابات کے لیے 11 نکات پیش کیے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میری قوم نے مجھے کبھی مایوس نہیں کیا، وعدہ کرتا ہوں خون کے آخری قطرے تک عوام کے لیے لڑوں گا۔

اپنے نکات کی تفصیلات بتاتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ  تعلیم اور صحت کے لیے زیادہ رقم مختص کریں گے، ملک چلانے کے لیے پیسہ باہر سے نہیں، ملک سے ہی اکٹھا کر کے دکھائیں گے۔

1- یکساں تعلیمی نصاب متعارف کروائیں گے

عمران خان نے کہا کہ دنیا میں کوئی ملک ترقی نہیں کرسکا جس نے تعلیم پر زور نہیں دیا، سارے ایشین ٹائیگرز نے اپنے بچوں کو تعلیم دیکر ترقی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 8 لاکھ بچے انگلش میڈیم اسکولوں میں ہیں جبکہ سوا تین کروڑ سرکاری اسکولوں میں پڑھتے ہیں اور 25 لاکھ بچے مدارس میں پڑھ رہے ہیں۔

جرمنی اور جاپان کی حکومتوں نے عالمی جنگ دوئم کے بعد انسانوں پر وسائل خرچ کیے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد وہ یکساں تعلیمی نصاب متعارف کروائیں گے۔

2- صحت کا شعبہ بہتر بنائیں گے

عمران خان نے کہا کہ ہم ایسے اسپتال بناکر دکھائیں گے کہ غریب کو پیسے نہ ہونے کی فکر نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پختونخوا کے 70 فیصد خاندانوں کے لیے ہیلتھ کارڈ کی سہولت موجود ہے سارے پاکستان کے لیے ہیلتھ کارڈ لے کر آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم میں 75 فیصد مریضوں کا علاج مفت میں ہوتا ہے۔

3- ٹیکس کا نظام درست کریں گے

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ملک چلانے کے لیے پیسہ نہیں ہوتا اور ہم قرضوں میں ڈوبتے چلے گئے، ہم ملک کو قرضوں سے نجات دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسی پاکستانی قوم سے پیسہ اکٹھا کرکے دکھاؤں گا، انہیں اعتماد ہوجائے تو پیسے دیتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ موجودہ حکومت کے مقابلے میں دوگنا ٹیکس حاصل کرکے دکھائیں گے۔

4- کرپشن کا خاتمہ کریں گے

چیئرمین تحریک انسان نے کہا کہ ہم کرپشن کا خاتمہ کریں اور ایسا کرنے کے لیے نیب اور عدالتوں کو مضبوط کریں گے اور تمام چوری روکنے والے اداروں کو ٹھیک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی سنا ہے کسی پارٹی نے 20 اراکین کو کرپشن کی وجہ سے نکالا ہو؟ ہم نے 20 پارلیمنٹیرینز کو نکالا ہے۔

5- سرمایہ کاری لائیں گے

عمران خان نے کہا کہ ہم ایسی پالیسیاں لائیں گے کہ سرمایہ کاری بڑھے، بیرون ملک رہنے والا پاکستانی سب سے زیادہ پیسہ ملک میں لائے گا تو یہاں لوگوں کو نوکریاں ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری لانے والوں کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں الگ سیل قائم ہوگا جہاں ان کی رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔

6- نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے

عمران خان نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے تاکہ بے روزگاری ختم ہوسکے، ہم 50 لاکھ سستے گھر بنائیں گے تاکہ غریب اپنے گھر کا مالک بن سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہری پور کی طرح ہم اسکل اور ٹیکنیکل تعلیم دیں گے تاکہ لوگ روزگار حاصل کرسکیں۔

عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہت خوبصورت ملک دیا ہے، خیبرپختونخوا میں ہم نے غربت سیاحت کی وجہ سے کم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاحت کے ذریعے لوگوں کو نوکریاں دلوائیں گے، ہم ہر سال سیاحت کے فروغ کے لیے چار نئے مقام بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ چھوٹا سا ملک ہے لیکن سیاحت کے لیے 20 ارب ڈالر بناتا ہے، ہمارا شمالی علاقہ سوئٹزر لینڈ سے کافی بڑا ہے۔

7- زرعی ایمرجنسی نافذ کریں گے

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کسانوں کا معاشی قتل ہورہا ہے، کسان سارا سال کام کرتا ہے اور پھر اسے اپنی فصل کی مناسب قیمت تک نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ وہ ملک کو شوگر مل مافیا سے نجات دلائیں گے اور جدید فارمنگ متعارف کروائیں گے، سستے قرضے دیں گے۔

8- فاٹا کا انضمام اور جنوبی پنجاب صوبہ

عمران خان نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد وہ وفاق کو مضبوط کریں گے اور صوبوں کو ان کے حقوق دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد فوری طور پر انتظامی بنیادوں پر جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں گے، فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کریں گے، قبائلی علاقوں کے لوگوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہم فاٹا کو ترقی دیں گے۔

9- ماحولیات

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ماحولیات کی بہرتی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، تاریخ میں پہلی بار کے پی کے حکومت نے ماحول پر خصوصی توجہ دی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں آکر تحریک انصاف پاکستان بھر میں 10 ارب درخت لگائیں گے جبکہ دریاؤں کو بھی صاف کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں سے ایک ہے۔

10- انصاف کی فراہمی و پولیس نظام کی درستی

عمران خان نے اپنا دسواں پوائنٹ بتاتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی اور پولیس کے نظام میں بہتری بھی انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے کی پولیس مکمل طور پر غیر سیاسی ہے، وہاں مخالفین کو نشانہ نہیں بنایا جاتا، ان پر ایف آئی آر نہیں کاٹی جاتی۔

عمران خان نے کہا کہ راؤ انوار نے 440 لوگ سندھ میں قتل کیے، عابد باکسر کہتا ہے کہ اس نے شہباز شریف کے کہنے پر لوگوں کو قتل کیا، ہم حکومت میں آکر پولیس کو ٹھیک کریں گے اور اسے غیر سیاسی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں ایک بھی ماورائے عدالت قتل نہیں کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں چیف جسٹس کے ساتھ مل کر فیصلہ کیا ہے کہ کوئی بھی سول کیس ایک سال سے زیادہ نہیں چلے گا۔

11- خواتین کو  تعلیم دیں گے

عمران خان نے آئندہ انتخابات کے لیے اپنا گیارہواں نکتہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’میں وعدہ کرتا ہوں پاکستان کی خواتین سے کہ ہم انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں گے‘۔

عمران خان نے کہا کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں اپنی والدہ کی وجہ سے ہوں، میری والدہ نے مجھے پڑھایا، میری تربیت کی، ماں پڑھی لکھی ہوتی ہے تو پورا گھر پڑھا لکھا ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں ہر تین نئے اسکولوں میں سے ایک لڑکیوں کا اسکول ہے، ہم خواتین کو بااختیار بنائیں گے، خواتین پولیس اسٹیشنز قائم کرکے انصاف تک ان کی رسائی کو آسان بنائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ برصغیر میں سب سے کم خواندگی کی شرح پاکستانی خواتین کی ہے، ہم لوگوں کو قانونی طور پر اس بات کا پابند بنائیں گے کہ وہ خواتین کو وراثت میں ان کا جائز حق ادا کریں۔

قوم نظریے سے ہٹتی ہے تو تباہ ہوجاتی ہے، عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی لاہور میں جلسے سے خطاب کررہے ہیں — فوٹو: تحریک انصاف سوشل میڈیا

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے ہمیں ایک خواب دیا تھا، اس ملک کا کیا مقصد تھا، جب ایک قوم اپنے نظریے سے ہٹتی ہے تو وہ تباہ ہوجاتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ قائداعظم کی سوچ تھی کہ پاکستان میں سب برابر کے شہری ہوں گے، نبی کریمﷺ نےمدینہ کی ریاست میں سب سےپہلےانصاف کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ جب طاقتور غریب کے لیے الگ قانون ہو تو قومیں برباد ہوجاتی ہیں، نبی پاکﷺ مدینہ کی ریاست میں میرٹ کا نظام لےکر آئے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ایک حالیہ ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم کا یہ حال ہے تو عام پاکستانیوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جاتا ہوگا، چھوٹی سی چیز پر پکڑ کر انہیں ملک بدر کردیا جاتا ہے یا جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1990 تک پاکستان برصغیر میں سب سے تیزی سے ترقی کررہا تھا، 60 سال کی تاریخ پر 6000 ارب روپے قرض تھا، 2008 سے 2013 تک 6000 سے 13 ہزار ارب ہوگیا، پانچ سالوں میں دوگنا ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت میں 2013 سے 2018 تک 13 ہزار سے 27 ہزار ارب تک قرضہ پہنچ گیا ہے، ہم تباہی کی طرف جارہے ہیں، ہم قرضے واپس کرنے کے لیے قرضے لے رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ مقروض ملک آزادی کھو بیٹھتا ہے، قرضہ دینے والا ملک آپ کو حکم دیتا ہے، فتح کیے بغیر وہ ملک آپ کو غلام بنادیتا ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ نائجیریا کے بعد پاکستان وہ ملک ہے جہاں سب سے زیادہ بچے اسکول نہیں جاتے۔

عمران خان نے کہا کہ میری والدہ کو جب کینسر ہوا تو پتہ چلا کہ پاکستان میں کینسر کے علاج کے لیے کوئی اسپتال نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف چیک اپ کروانے لندن چلا جاتا ہے، ان لوگوں کا کیا ہوتا ہے جو غریبی کی وجہ سے یہیں علاج کروانے پر مجبور ہیں؟

تین مرتبہ نواز شریف کو وزیراعظم منتخب کیا گیا، کیا تبدیلی آئی؟ شاہ محمود

وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی — اسکرین گریب

اس سے قبل جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسی گراونڈ میں پاکستان بنانے کا فیصلہ ہوا تھا، اب نئے پاکستان کی بنیاد بھی یہیں رکھی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار شہادتیں دیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا مزدور اور کسان پہلے سے زیادہ بدحال ہے، عمران خان کو ایک موقع ضرور دینا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیا پاکستان بنانا ہے تو آیندہ کالائحہ عمل طے کرنا ہوگا، تین مرتبہ نواز شریف کو وزیراعظم منتخب کیا گیا، کیا تبدیلی آئی؟

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آج بھی ن لیگ کی حکومت ہے، کیا وہاں تبدیلی آئی؟

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ آج ہم دو نہیں، ایک پاکستان کی بات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں کسانوں کو فصلیں نہ جلانی پڑیں۔

قوم جاگ اٹھی ہے، شیخ رشید

رہنما عوامی مسلم لیگ شیخ رشید — اسکرین گریب

اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب لاہور سوجاتا ہے تو قوم سوجاتی ہے لیکن آج قوم جاگ اٹھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کے ساتھ اس لیے ہوں کیوں کہ میں تبدیلی چاہتا ہوں، میں سچ کا ساتھ دوں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ یہ دھوکے باز لوگ ووٹ کے دن تک شریف ہیں، چار سال میں 35 ارب ڈالر قرضہ لیا گیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کو عوام کے سمندر میں سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشیت ڈیفالٹ ہونے کے قریب ہے، حکومت نے 4 سالوں میں 35 ارب کا قرضہ لیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 70 سالوں سے ایک چور جاتا ہےاور دوسرا آجاتا ہے، عمران خان اپنے نوجوانوں کے ساتھ کھڑے ہوجاؤ، یہ انقلاب لائیں گے، چلے ہوئے کارتوس انقلاب نہیں لاسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو کامیاب جلسے پر مبارک باد دیتا ہوں۔

ن لیگ نے کسانوں کا معاشی قتل کیا، جہانگیر ترین 

جہانگیر ترین — اسکرین گریب

رہنما پی ٹی آئی جہانگیر ترین نے کہا کہ آج ایک نئے پاکستان بنانے کی بنیاد رکھی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی انقلاب لاسکتا ہے تووہ کسان ہیں، ن لیگ نے کسانوں کا معاشی قتل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریب کسان ایک اور پاکستان میں رہتا ہے، غریب کاشتکار سے فصل خرید لی جاتی ہے تو ریٹ بڑھا دیا جاتا ہے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئے گی تو ہم کسان کو خوشحال کریں گے، ہر کاشتکار کو اس کے فصل کی پوری قیمت ملے گی۔

عمران خان ہی ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے، چوہدری سرور

سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور — اسکرین گریب

پی ٹی آئی رہنما سینیٹر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اس کامیاب جلسہ پر عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، عوام نے بتادیا ہے کہ لاہور، پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کا ہے۔

چوہدری سرور نے کہا کہ عوام نے بتادیا ہے کہ عمران خان ہی ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں، ہمیں ایسا پاکستان چاہیے جہاں انصاف کے کہڑے میں سب برابر ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاکستان میں ساری طاقت بلدیاتی اداروں کے پاس ہوگی، عوام کی جدوجہد سے عمران خان اور تحریک انصاف کو کامیاب کرانا ہے۔

نواز شریف نے دولت ہی نہیں لوٹی، ملک کو بھی رسوا کیا: شیریں مزاری

شیریں مزاری — اسکرین گریب

پارٹی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ عمران خان پاکستانی قوم اور پاسپورٹ کوعزت دلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے دولت ہی نہیں لوٹی بلکہ ملک کو بھی رسوا کیا۔

جلسے سے خطاب میں تحریک انصاف سندھ کے صدر عارف علوی نے کہا کہ سندھ میں راؤ انوار جیسے درندے پھرتے رہتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پورے ملک سے نواز شریف کو نکال دیا ہے، اب وہ پوچھیں گے مجھے کیوں نکلایا۔

جلسے کے انتظامات

جلسہ انتظامیہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ شرکاء کے بیٹھنے کے لئے گراؤنڈ میں 50 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔

جلسہ گاہ میں اوپر تلے 2 اسٹیج تیار کیے گئے تھے، ایک اسٹیج پر مرکزی قائدین اور دوسرے اسٹیج کو مقررین کے لیے مختص کیا گیا جبکہ عقب میں 120 فٹ لمبی اور 34 فٹ چوڑی اسکرین بھی نصب کی گئی تھی۔

جلسہ گاہ اور اس کے اطراف پارٹی پرچموں اور بینرز کی بہار دکھائی دی اور پنڈال میں میلے کا سماں تھا، خواتین کے پنڈال کو چاروں طرف سے بند رکھا گيا تھا اور دور دراز شہروں سے آںے والوں کے لیے کھانے اور رہائش کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔


سیکیورٹی انتظامات

جلسہ گاہ میں سکیورٹی کے سخت انتطامات کیے گئے تھے، داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے تھے اور شرکاء کو چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔

جلسہ گاہ کے داخلی راستوں پر پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز تعینات رہے اور نجی کمپنی کے 100 گارڈز نے خواتین کو سیکیورٹی فراہم کی جبکہ 500 رضاکار وی وی آئی پیز کی سیکیورٹی پر مامور رہے۔ 

 خواتین کے لیے الگ انکلوژر بنایا گیا تھا جس کے گرد آہنی چادریں بھی لگائی گئی تھیں۔ 12 کیمروں، 2 کرینوں اور 2 ڈرونز کی مدد سے جلسے کی کارروائی ریکارڈ کی گئی۔

جلسے میں شرکت کے لیے مختلف شہروں سے قافلے پہنچے تھے جب کہ پارٹی چیئرمین عمران خان ایک روز قبل ہی لاہور پہنچ گئے تھے۔

مزید خبریں :