آصف زرداری کی نواز شریف سے متعلق بیان کی تردید


سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے متعلق بیان کی تردید کر دی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز آصف زرداری کی جانب سے ایک مبینہ بیان میڈیا میں سامنے آیا جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو چالاک اور موقع پرست قرار دیا۔

میڈیا پر جاری بیان کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف نے ہر موقع پر انہیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑا کر خود ہاتھ ملا لیا اور اینٹ سے اینٹ بجانے والا بیان بھی نواز شریف کی چال میں آکر دیا تھا۔

اس مبینہ بیان پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی جانب سے انتہائی سخت رد عمل سامنے آیا۔

نواز شریف نے کہا کہ زرداری صاحب اتنے بھولے اور معصوم تھے کہ ان کے ورغلانے میں آ گئے، آج 3 سال بعد زرداری صاحب کو سچ بولنے کا خیال کہاں سے آگیا؟

نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے زرداری صاحب کے "اینٹ سے اینٹ بجانے" والے بیان پر اسی شام ناپسندیدگی کا پیغام بھیجا اور اگلے روز طے شدہ ملاقات منسوخ کر دی تھی۔

جیو نیوز کے سینیئر اینکر پرسن حامد میر سے گفتگو میں آصف زرداری نے کہا کہ انہوں نے ایسا کوئی بیان ہی نہیں دیا، نواز شریف کو ان کے خلاف کوئی بیان دینا ہے تو دے دیں لیکن یہ بہانہ نہ بنائیں کہ وہ میرے بیان کا جواب دے رہے ہیں۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے کہا سب جانتے ہیں کہ میاں صاحب کیا گیم کھیل رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی بولے کہ پیپلز پارٹی نے گزشتہ روز ہی بیان کی تردید جاری کردی تھی۔

مزید خبریں :