02 مئی ، 2018
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کے بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ اگر نیب کا سورج پورے پاکستان میں چمک رہا ہے تو اچھی بات ہے۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال کا ایک اجلاس کے دوران کہنا تھا کہ نیب کسی کے ساتھ امتیازی سلوک پر یقین نہیں رکھتا، نیب کا سورج صرف پنجاب میں نہیں بلکہ سارے پاکستان میں چمک رہا ہے۔
بدھ کو محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس سینٹر کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کو کہوں گا کہ ہوش کے ناخن لیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں جلسے شوق سے کریں مگر خیبر پختون خوا میں کچھ صحت کی سہولیات پر بھی دھیان دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان 2011 اور 2018 کے جلسے کا موازنہ کریں پھر ہمیں مینار پاکستان پر جلسے کا چیلنج دیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے اپنے صوبوں میں عوام کو دکھ پہنچائے ہیں، انہیں بغیر معاوضہ خدمت کے گُر سکھانے کو تیار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو 2018 میں چیلنجز سے نمٹنے والی لیڈر شپ کے انتخاب کا موقع ملےگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں ہیپاٹائٹس کے علاج کے مراکز فعال ہیں۔