کھیل

سلیکشن اور ٹیم کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا: چیئرمین پی سی بی

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ انضمام ایکسپرٹ ہیں، ان کی سلیکشن پر اعتراض نہیں کرتا—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے واضح کیا ہے کہ وہ سلیکشن اور ٹیم کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔

نمائندہ جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ 'چیف سلیکٹر انضمام الحق ایکسپرٹ ہیں، میں ان کی سلیکشن پر اعتراض نہیں کرتا'۔

انہوں نے بتایا کہ ’سلیکشن اور کوچنگ ٹیم نے 10 سال کے لیے منصوبہ تیار کیا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ 10 سالوں کے لیے نئے گھوڑے تیار کیے جائیں، میں سلیکشن اور ٹیم کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، انضمام ایکسپرٹ ہیں اور ان کی سلیکشن پر میں اعتراض نہیں کرتا‘۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ’باہر بیٹھے لوگوں کو تنقید کا حق ہے، وہ ضرور کریں، اگر وہ نہیں کہیں گے تو ان کی کون سنے گا جب کہ تنقید کرنے والے خود بھی سیلیکٹرز رہے ہیں، سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو تنقید کا حق ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی تعداد 8 سے بڑھا کر 10کرنے کی تجویزہے اور اس سے متعلق جلد پالیسی بیان جاری کریں گے‘۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ’فرسٹ کلاس کھلاڑیوں کو اچھا معاوضہ دینے کے لیے ریجنز کو رقم دینے پر غور کر رہے ہیں، بینکوں میں پیسہ رکھنے کے بجائے کھلاڑیوں پر لگائیں گے، ریجن کھلاڑی پیدا کرتے ہیں اور ڈپارٹمنٹ کھلاڑی لے جاتے ہیں، ریجنل کرکٹ، کھلاڑی پیدا کرنے کا اہم ذریعہ ہیں‘۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ’پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون ہے، قومی ٹیم پچھلے سال ٹیسٹ اور ون ڈے میں بھی نمبر ون رہی‘۔

انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کے ساتھ ٹیسٹ میچ تاریخی ہے اور وہ خود یہ میچ دیکھنے جائیں گے۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ 'انگلینڈ کی وکٹوں پر موسم کی وجہ سے بیٹنگ مشکل ہوجاتی ہے، وہاں بارشوں موسم ہے، پاکستانی بیٹسمینوں کو انگلینڈ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے‘۔

مزید خبریں :