Time 04 مئی ، 2018
پاکستان

انصاف کی فراہمی عدلیہ کی بنیادی ذمے داری ہے، چیف جسٹس

عوام کو انصاف کی جلد فراہمی کے لیے عدالتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے، جسٹس ثاقب نثار—جیو نیوز اسکرین گریب۔

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، آئین کے آرٹیکل سینتیس میں شہریوں کو انصاف کی بلا امتیاز فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

آٹھویں جوڈیشل کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ قوم کی خوشحالی میں انصاف کی فراہمی کا بڑا کردار ہے ، یہ معاشی ترقی کے فوائد سے مستفید ہونے میں معاونت کرتی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان سماجی و اقتصادی ترقی کا منصوبہ ہے، اس سے استفادے کیلئے تمام عوامل کو مدنظر رکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک سے ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی، اس سے متعلق آئینی معاملات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد زیر التوا مقدمات اور وجوہات پر روشی ڈالنا ہے، عدلیہ نے بھی ملک کو چیلنجز سے نکالنے میں کردار ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو انصاف کی جلد فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے، اس کے لیے عدالتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

ان کے مطابق ملکی معاشی بہتری کیلیے تمام اداروں کو مربوط انداز میں کام کرنا ہوگا، سرمایہ کاری کے لیے جان، مال اور کاروبار کے تحفظ کی فراہمی ضروری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ، سائبر کرائم مقدمات کے حل کیلیے جدید عدالتی نظام ناگزیر ہے۔

مزید خبریں :