07 مئی ، 2018
پاکستان نے چار روزہ میچ میں شاداب خان کی شاندار بولنگ اور بلے بازوں کی بہترین بیٹنگ کی بدولت نارتھمپٹن شائر کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان نے نارتھمپٹن شائر کی جانب سے دیا گیا 133 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے حارث سہیل 55 اور امام الحق 59 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
قبل ازیں نارتھمپٹن شائر کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 301 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور محمد عباس نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ راحت علی نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔
نارتھمپٹن شائر نے اپنی پہلی اننگز میں 259 رنز اسکور کئے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں اسد شفیق کے ناقابل شکست 186 رنز کی بدولت 428 رنز بنائے تھے۔
نارتھمپٹن شائر کے خلاف پہلی اننگز میں بھی شاداب خان نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
شاداب خان نے میچ میں مجموعی طور پر 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔