Time 09 مئی ، 2018
کاروبار

ایران جوہری معاہدے سے امریکی دستبرداری کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ

خام تیل کی قیمتیں ساڑھے 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ فوٹو:فائل

نیویارک: امریکا کی جانب سے ایران سے ہونے والے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران معاہدے سے دستبرداری پر عالمی تیل سپلائی غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے اور خام تیل کی قیمتیں ساڑھے 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 2.4 فیصد اضافے سے 76.75 ڈالر ہوگئی اور برینٹ کروڈ کی قیمت نومبر 2014 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچی ہے۔

ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ 2.2 فیصد اضافے سے 70.61 ڈالر فی بیرل کا ہوگیا۔

تیل کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقرار رہنے کا خدشہ جب کہ نرخ مستحکم رکھنے کے لیے سعودی عرب نے تیل کی پیداوار بڑھانے کا اشارہ دیا ہے۔

یاد رہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کے بعد تہران اہم آئل ایکسپورٹر بن کر سامنے آیا اور سعودی عرب اور عراق کے بعد خام تیل برآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن کر ابھرا تھا۔

ایران کی تیل کی برآمدات 26 لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچ چکی ہیں۔

مزید خبریں :