امریکی پابندی کے جواب میں پاکستان نے بھی امریکی سفارتکاروں پر پابندیاں لگا دیں


واشنگٹن: امریکا میں پاکستانی سفارت کاروں پر سفری پابندی کے جواب میں پاکستان نے بھی امریکی سفارت کاروں پر پابندیاں لگادیں جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق امریکی سفارت کاروں کو بھی نقل و حرکت سے پہلے دفتر خارجہ سے اجازت لینا ہوگی جس کا اطلاق آج سے ہی ہوگا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارت کار ایک سے زائد پاسپورٹ نہیں رکھ سکیں گے اور ان کا قیام جاری ہونے والے ویزے کی مدت کے مطابق ہوگا۔ 

دفتر خارجہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق امریکی سفارتخانے کی آفیشل گاڑیوں پر نان ڈپلومیٹک نمبر پلیٹ کی اجازت نہیں ہوگی اور کرایہ کی عمارتوں کے حصول اور تبدیلی کے لیے این او سی لینا ہوگا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے امریکی سفارتکاروں پر پابندی سے متعلق نوٹی فکیشن۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

امریکی سفارتخانے کی اپنی اور رینٹ پر لی گئی گاڑیوں پر کالا شیشہ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی اور سفارت کاروں کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر فون سمز جاری نہیں کی جائیں گی۔ 

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہراسگی کے واقعات روکنے کے لیے فاسٹ ٹریک مکینزم ترتیب دیا گیا جسے امریکی سفارتخانے نے بھی سراہا، پاکستان میں اس سے قبل امریکی سفارت کاروں پر کوئی پابندی نہیں تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ سے جاری نوٹیفکیشن کو امریکی سفارتخانے کے ساتھ شیئر کیا جاچکا ہے اور اب پاکستانی ایئر پورٹس پر امریکی سفارتخانے کے سامان کی ترسیل کو ویانا کنونشن کے مطابق ڈیل کیا جائے گا۔

امریکا کی پاکستانی سفارتی عملے پر سفری پابندی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں تنبیہ کی تھی کہ اگر ہمارے سفارتکاروں کو پاکستان میں آزاد نقل و حرکت کی اجازت نہ دی گئی تو امریکا میں پاکستانی سفارت کاروں کی نقل و حرکت محدود کی جاسکتی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے یکم مئی سے پاکستانی سفارتکاروں کی نقل و حرکت پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا تھا جس میں بعدازاں 10 روز کی توسیع کی گئی جس کی مدت ختم ہونے کے بعد آج پاکستانی سفارت کاروں کی نقل و حرکت مشروط کردی گئی ہے۔

امریکا کی جانب سے پاکستانی سفارت کاروں پر لگائی جانے والی سفری پابندی کے مطابق سفارت کار بغیر اجازت نامے کے 25 میل سے باہر نہیں جاسکیں گے اور اس سے زائد نقل و حرکت کے لیے انہیں اجازت نامہ سفر سے 5 روز قبل لینا ہوگا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پاکستانی سفارتکاروں پر پابندی کا اطلاق ان کے اہلخانہ تک بڑھا دیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے بھی متنبہ کیا تھا کہ امریکی پابندیوں کے جواب میں پاکستان بھی ایسا قدم اٹھا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان حالیہ چند ماہ کے دوران شدید کشیدگی دیکھنے میں آئی ہے۔ 

حال ہی میں امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق بیگ نامی شہری جاں بحق ہوگیا تھا جب کہ حادثے میں اس کا کزن بھی شدید زخمی ہوا۔ 

مزید خبریں :