سیاحوں کیلئے خوشخبری، مری مال روڈ پر ڈولفن فورس تعینات کردی گئی

کسی بھی شکایت کی صورت میں ڈولفن فورس فوری کارروائی کرے گی، اے ایس پی مری — فوٹو: فائل

مری میں سیاحوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ حرکت میں آگئی، مری میں مال روڈ پر ڈولفن فورس کو تعینات کردیا گیا ہے۔

اے ایس پی مری کا کہنا ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں ڈولفن فورس فوری کارروائی کرے گی۔

اے ایس پی مری کامران حمید کا کہنا ہے کہ مری میں سیاحوں کی شکایت کی صورت میں پولیس فوری مدد کو پہنچے گی، مال روڈ پر ڈولفن فورس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈولفن فورس کے جوان مال روڈ پر گشت کرتے رہیں گے جبکہ دیگر پکنک پوائنٹس پر پنجاب پولیس کے اہلکار فرائض سر انجام دیں گے۔

اے ایس پی مری کا مزید کہنا تھا مری میں ماحول سازگار رکھنے کے لیے اہم مقامی شخصیات ہوٹل مالکان، ٹیکسی ڈرائیورز ایسوسی ایشن کے ذمہ داران سے بھی بات چیت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ 450 ٹورسٹ گائیڈز کے کارڈ بنانے کا سلسلہ جاری ہے جو سیاحوں کی مدد کے لیے مختلف مقامات پر موجود ہوں گے۔

خیال رہے کہ مری میں سیاحوں کے ساتھ تلخ کلامی کے واقعات میں اضافے کی وجہ سے سیاح سیاحتی مقام جانے سے گریز کرنے لگے ہیں۔

سیاحوں کے ساتھ جھگڑوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں جہاں مری کے بائیکاٹ کی مہم بھی چل پڑی ہے۔

سیاحوں کا مؤقف ہے کہ مقامی افراد چھوٹی چھوٹی باتوں پر پریشان کرتے ہیں اور اہل خانہ کے ساتھ ہونے کا بھی خیال نہیں کرتے جبکہ اکثر فیملیز کو ہراساں کرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

مزید خبریں :