Time 15 مئی ، 2018
کھیل

پاکستان نے تاریخی ٹیسٹ میچ میں آئرلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

بابر اعظم اور امام الحق نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور نصف سنچریاں مکمل کیں،محمد عباس نے میچ میں 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا — فوٹو: اے ایف پی

ڈبلن: آئرلینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میچ میں بابر اعظم اور امام الحق کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔

پاکستان نے آئرلینڈ کی جانب سے دیا جانے والا 160 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے امام الحق ناقابل شکست 74 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ فاسٹ بولر محمد عباس نے مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ٹرافی کے ساتھ — فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی بولرز کے خلاف دونوں اننگز میں مزاحمت کرنے والے آئرش بیٹسمین کیون اوبرائن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے پانچویں روز آئرلینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز سے اپنی دوسری اننگز شروع کی لیکن اس کے آخری تینوں کھلاڑی محض 20 رنز کا اضافہ کرسکے اور پوری ٹیم 339 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی تین وکٹیں صرف 14 رنز کے مجموعے پر گرگئیں۔اظہر علی 2، حارث سہیل 7 اور اسد شفیق صرف ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔

چوتھی وکٹ پر بابر اعظم اور امام الحق نے ٹیم کو سہارا دیا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔

بابر اعظم نے امام الحق کے ساتھ مل کر مشکل وقت میں ذمہ دارانہ اننگز کھیلی — فوٹو: کرکٹ آئرلینڈ

دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور 126 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی جس کے بعد بابر اعظم 140 کے مجموعی اسکور پر 59 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کے لیے آئے تاہم وہ میچ فنش نہ کرسکے اور 8 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

سرفراز کے بعد شاداب خان کریز پر آئے جنہوں نے امام الحق کا خوب ساتھ دیا اور میچ کو منطقی انجام تک پہنچایا۔

نوجوان لیفٹ آرم بیٹسمین امام الحق 74 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے— فوٹو: اے ایف پی

نوجوان لیفٹ آرم بیٹسمین امام الحق 74 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اور وہ دوسری اننگز میں پاکستان کے ٹاپ اسکورر رہے جبکہ شاداب خان 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ٹیسٹ ٹیم کا درجہ ملنے کے بعد یہ آئرلینڈ کا پہلا ٹیسٹ میچ تھا جس میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دونوں اننگز میں پاکستانی بولرز کیخلاف مزاحمت کرنے والے کیون اوبرائن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا — فوٹو: اے ایف پی

آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم بارش کی وجہ سے پہلے روز کا کھیل ممکن نہیں ہوسکا تھا۔

کھیل شروع ہوا تو پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹ پر 310 رنز بناکر ڈکلیئر کردی تھی۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں فہیم اشرف 83، اسد شفیق 62 اور شاداب خان 55 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

پاکستان کے 310 رنز کے جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 130 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔ آئرلینڈ کی پہلی اننگز میں کیون اوبرائن 40 رنز بناکر نمایاں رہے تھے جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 4، شاداب خان نے 3، محمد عامر نے 2 اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

آئرلینڈ نے فالو آن کے بعد اپنی دوسری اننگز میں پاکستانی بولرز کے خلاف شاندار مزاحمت کی اور 339 رنز کا مجموعہ حاصل کرلیا۔

دوسری اننگز میں بھی کیون اوبرائن آئرلینڈ کے ٹاپ اسکورر رہے جنہوں ںے 118 رنز کی اننگز کھیلی اور آئرلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ سنچری کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

فاسٹ بولر محمد عباس نے مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے رائٹ ہینڈ فاسٹ بولر محمد عباس نے اس بار بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 9 شکار کیے۔

آئرلینڈ کی دوسری اننگز میں محمد عامر نے 3 اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے بیٹسمین امام الحق اور آل راؤنڈر فہیم اشرف نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا جبکہ آئرلینڈ کی پوری ٹیم ہی پہلی بار ٹیسٹ میچ کھیل رہی تھی۔



مزید خبریں :